کشمیر سے باہر کھادوں اور پھلوں سے لدے ٹرکوں کی ٹرانسپورٹیشن کو ترجیح دی جائے: اَتل ڈولو

جموں// ایڈیشنل چیف سیکرٹری محکمہ زرعی پیداوار اَتل ڈولو نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں منعقدہ ایک میٹنگ میں اَفسران سے کھادوں اور پھلوں سے لدے ٹرکوں کو وادی کشمیرکے اندر اور باہر لے جانے کو ترجیح دینے کے لئے کہا۔
میٹنگ میں سیکرٹری محکمہ زراعت ،اِنسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک جموںوکشمیر ، سپیشل سیکرٹری اے پی ڈی، باغبانی جموں / کشمیر کے ڈائریکٹروں ، زراعت جموں/ کشمیر کے ڈائریکٹروں، باغبانی پی اینڈ ایم کے ڈائریکٹر، ایس ایس پی ٹریفک دیہی کشمیر / جموں، ایس ایس پی نیشنل ہائی وے، چیئرمین کشمیر ویلی فروٹ گروورﺅس یونین، صدر فروٹ منڈی سوپور،صدر سی اے سٹورز ، صدر فروٹ ایسو سی ایشن اننت ناگ اور سی سی ایف سی ایل، آئی ایف ایف سی او، آئی پی ایل اور این ایف ایل سمیت کھاد کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ کشمیر میں مقیم اَفسران اور شرکا نے بذریعہ آن لائن موڈ میٹنگ میں حصہ لیا۔
دورانِ میٹنگ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اَتل ڈولو نے کشمیر اور جموں سے کھاد کے ٹرکوں کی ترجیحی ٹرانسپورٹیشن کی ہدایت دی۔اُنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ کشمیر سے باہر جانے والے سی اے سٹوروں سے پھلوں سے لدے ٹرکوں کو ان کی منزلوں تک پہنچنے کو ترجیح دی جائے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ سبزیوں کے سیزن کی آمد سے ہی سری نگر جموں قومی شاہراہ پر سبزیوں اور دیگر اشیاءکو لے جانے والے ٹرکوں کو بھی ترجیح دی جائے گی۔
آئی جی پی ٹریفک جموںوکشمیر نے یقین دِلایا کہ پھلوں اور سبزیوں سے لدے تمام ٹرکوں کو ترجیح دی جائے گی اور فروٹ ایسو سی ایشنوں پر زور دیا کہ وہ رجسٹریشن نمبر اور پیسٹ سٹکس فراہم کریں تاکہ شاہراہ پر نقل و حمل کے دوران اُنہیں ترجیح دی جاسکے۔
میٹنگ میں وادی کشمیر میں کھاد کی دستیابی پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کھاد کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ مناسب تعدادمیں کھادوں کو کشمیر منتقل کریں تاکہ پیک سیزن میں کسی قسم کی قلت سے بچا جاسکے۔