عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/لوک سبھا میں وندے ماترم کی 150ویں سالگرہ پر ہونے والی بحث سے قبل پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے پیر کو مرکز کی بی جے پی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے صرف’’علامتی سیاست‘‘ میں الجھی ہوئی ہے، جبکہ انڈیگو ایئرلائنز کے بحران نے ملک بھر میں ہنگامہ برپا کر رکھا ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو لوک سبھا میں وندے ماترم کی 150 سالہ تقریبات پر بحث کا آغاز کیا، جس میں قومی گیت سے متعلق کئی اہم اور کم معروف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
محبوبہ مفتی نے سماجی رابطہ گاہ ’ایکس ‘ پر ایک پوسٹ میں لکھا،پارلیمنٹ دو سو سال پرانے وندے ماترم پر جھگڑ رہی ہے جبکہ انڈیگو کے مسافر پریشان حال اور جوابات کے منتظر ہیں۔ عوام کو درپیش فوری بحرانوں سے نمٹنے کے بجائے بی جے پی محض علامتی سیاست میں مصروف ہے۔سابق وزیر اعلیٰ نے انڈیگو کی جانب سے 2 دسمبر سے پائلٹس کی ڈیوٹی اور ریگولیشن قوانین میں تبدیلی کے سبب درجنوں نہیں بلکہ سینکڑوں پروازوں کی منسوخی کا حوالہ دیا، جس کے باعث ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر لاکھوں مسافر پھنس کر رہ گئے ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا،یہ سیاسی ڈرامہ روزگار کیسے پیدا کرے گا، مہنگائی پر کیسے قابو پائے گا یا کروڑوں بھارتیوں کو درپیش اصل اور فوری مسائل کو کیسے حل کرے گا؟
بی جے پی ’’علامتی سیاست‘‘ میں مصروف، عوامی مسائل نظر انداز :محبوبہ مفتی