مئیر، ڈپٹی مئیر جموں میونسپل کارپوریشن مستعفی، نئے ناموں کا اعلان جلد متوقع

جموں// جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر نے ہفتے کے روز اچانک اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
بھاجپا کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کہا کہ دونوں نے اعلیٰ کمانڈ کو بتایا کہ وہ پارٹی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر چندر موہن اور ڈپٹی میئر پورنیما نے ہفتے کے روز اپنے عہدوں سے استعفیٰ دے دیا۔
جموں وکشمیر بی جے پی یونٹ کے صدر رویندر رینہ نے کارپریٹروں کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا کہ جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کو پارٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے لہذا دونوں نے اپنا استعفیٰ پیش کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں نے جموں شہر کو جاذب نظر بنانے اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اُٹھائیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ چونکہ دونوں لیڈروں نے پارٹی میں کام کرنے کی رضامندی جتائی ہے لہذا دونوں نے پارٹی ہائی کمانڈ کو استعفیٰ پیش کیا ہے۔
رویندر رینا کے مطابق نئے میئر اور ڈپٹی میئر کے ناموں کا اعلان بہت جلد ہوگا ۔
دریں اثنا باوثوق ذرائع نے بتایا کہ وزیر داخلہ امیت شاہ کے دورے سے قبل جموں میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر کی جانب سے اچانک اپنے عہدوں سے مستعفی ہونے غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی نئے چہروں خاص کر نوجوانوں کو موقع دینا چاہتی ہے اور اسی سلسلے کی ایک کڑی کے تحت میئر اور ڈپٹی میئر مستعفی ہوئے ہیں۔