عظمیٰ ویب ڈیسک
کشتواڑ/ ضلع کشتواڑ کے دچھن علاقے کے گاؤں ٹھاچھنا میں جمعرات کو ایک شدید آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا، جس میں تقریباً کم از کم نو رہائشی مکانات شعلوں کی نذر ہو گئے۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ آگ نامعلوم وجوہات کی بنا پر لگی اور تیزی سے پھیل گئی، جس کے نتیجے میں رہائشی عمارتوں کو بھاری نقصان پہنچا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگ پولیس اہلکاروں کے ساتھ مل کر آگ پر قابو پانے اور اسے قریبی گھروں تک پھیلنے سے روکنے کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، تاہم علاقے میں پانی کے مناسب وسائل کی عدم دستیابی کے باعث فائر فائٹنگ اور ریسکیو کارروائیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
سرکاری افسر کے مطابق آگ پر قابو پانے کے لیے اضافی وسائل کو متحرک کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ آخری اطلاعات ملنے تک آگ لگنے کی وجوہات اور نقصان کی مکمل تفصیلات معلوم نہ ہوسکی تھی، مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔
کشتواڑ کے دچھن علاقے میں ہولناک آتشزدگی، کم از کم 9 رہائشی مکانات خاکستر