عظمیٰ ویب ڈیسک
لیہہ/ہماچل پردیش کے بلندوبالا پہاڑی راستوں میں شدید ٹھنڈ اور زبردست برف باری کے سبب اہم منالی-لیہہ شاہراہ کو پیر سے گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے پوری طرح سے بند کر دیا جائے گا۔انتظامیہ نے دارچا سے لیہہ تک کے سفر کو غیر محفوظ قرار دے دیا ہے۔ لاہول-سپتی اور لیہہ انتظامیہ کے درمیان ایک آن لائن میٹنگ کے بعد اس راستے کو 21 نومبر سے 7 دسمبر تک مقررہ مدت کے لیے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس مدت کے دوران سیاحوں کو صرف بارالاچا درّے تک جانے کی اجازت تھی۔اس راستے پر’بلیک آئس‘ (انتہائی پھسلن والی برف کی تہہ) کی وجہ سے پھسلن کافی بڑھ گئی ہے۔ لہذا انتظامیہ نے راستے کو پوری طرح بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ضلع کی قدرتی آفات کے بندوبست سے متعلق اتھارٹی پہلے ہی گرامپھو-لوسر راستہ کو ٹریفک کے لیے بند کر چکی ہے۔ اب، منالی-لیہہ شاہراہ بھی دارچا سے آگے آیندہ احکامات تک بند رہے گی۔ درّوں میں شدید ٹھنڈ، برف باری اور تیزی سے کم ہوئے درجۂ حرارت کی وجہ سے سڑکوں کی حالت خراب ہو گئی ہے۔
برف باری اور شدید ٹھنڈ کے باعث منالی-لیہہ شاہراہ بند