عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// جموں و کشمیر پولیس کی کرائم برانچ نے جمعرات کے روز نو سالوں سے مفرور ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کے خلاف سرکاری ملازمتوں کا بندوبست کرنے کے بہانے لوگوں کو دھوکہ دینے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایجنسی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ بلال احمد ہنڈو عرف “ڈاکٹر صاحب”، جو سری نگر کے علاقے بمنہ کا رہائشی ہے، کو کرائم برانچ جموں کے اقتصادی جرائم ونگ کی خصوصی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رنبیر پینل کوڈ کی دفعات کے تحت کرائم برانچ جموں نے اپنے پولیس تھانہ میں 2012 میں ایک شخص کی شکایت کے بعد مقدمہ درج کیا گیا تھا کہ اس کے بچوں کے لیے سرکاری نوکریوں کا بندوبست کرنے کے بہانے ایک گروہ نے اس کو دھوکہ دیتے ہوئے اس کی محنت کی کمائی لوٹ لی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ہنڈو گزشتہ نو سالوں سے مسلسل اپنے مقامات بدل کر اپنی گرفتاری سے بچ رہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہنڈو سمیت ملزمان کے خلاف ایک چارج شیٹ 2014 میں عدالتی فیصلہ کے لیے ایک عدالت میں دائر کی گئی تھی جب کہ تفتیش کے دوران ان کے خلاف دھوکہ دہی اور جعلسازی کے الزامات ثابت ہوئے۔
ترجمان نے کہا کہ ہنڈو آٹھواں مفرور ہے جسے کرائم برانچ جموں نے گزشتہ نو ہفتوں میں مختلف مقدمات میں گرفتار کیا ہے۔