عشرت حسین بٹ
پونچھ/منشیات کی اسمگلنگ اور نشہ آور اشیاء سے متعلق جرائم کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ضلع پولیس پونچھ نے این ڈی پی ایس ایکٹ 1985 کے تحت تقریباً ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی ایک رہائشی جائیداد ضبط کر لی ہے۔ یہ کارروائی جاری مہم ’’نشہ مکت جموںوکشمیرابھیان‘‘ کے تحت انجام دی گئی۔
ضبط کی گئی جائیداد میں ایک رہائشی مکان شامل ہے جو خسرہ نمبر 871، گاؤں سموٹ، تحصیل سرنکوٹ، ضلع پونچھ میں واقع ہے۔ مذکورہ جائیداد مستورات بشیرا بی زوجہ محمد رشید کی ملکیت اور زیرِ استعمال ہے۔ یہ کارروائی پولیس اسٹیشن سرنکوٹ کی جانب سے این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68(F) کے تحت عمل میں لائی گئی، جو ایف آئی آر نمبر 109/2025، زیر دفعات 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ کے سلسلے میں درج ہے۔
پولیس کی جانب سے جائیداد پر باضابطہ ضبطی نوٹس بھی چسپاں کیا گیا ہے، جس میں عوام کو مطلع کیا گیا ہے کہ مذکورہ جائیداد قانونی طور پر ضبط کی جا چکی ہے۔ نوٹس کے مطابق کسی بھی شخص کو مجاز اتھارٹی کی اجازت کے بغیر جائیداد کی خرید و فروخت، لیز، منتقلی یا کسی تیسرے فریق کے مفاد کے قیام کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس حکام کے مطابق جائیداد کی ضبطی منشیات فروشوں کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے اور اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ جموں و کشمیر پولیس منشیات کے غیر قانونی کاروبار سے حاصل ہونے والے اثاثوں اور مالی وسائل کو نشانہ بنانے اور ختم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ضلع پولیس پونچھ نے واضح کیا کہ منشیات فروشوں اور اس دھندے سے وابستہ عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ منشیات کی اسمگلنگ یا نشہ آور اشیاء کے استعمال سے متعلق کسی بھی معلومات کو قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شیئر کریں۔ضلع پولیس پونچھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ’’نشہ مکت جموں کشمیر‘‘ مہم کو کامیاب بنانے اور معاشرے سے منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھے گی۔
پونچھ میں منشیات مخالف بڑی کارروائی: پولیس نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ڈیڑھ کروڑ روپے کی جائیداد ضبط کر لی