عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ماہِ مقدس رمضان المبارک کے آخری جمعہ یعنی جمعتہ الوداع کو کل جموں و کشمیر بھر میں عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
مفتی اعظم ناصر الاسلام نےبتایا کہ اس سال جمعتہ الوداع 13 مارچ کو ہوگا، کیونکہ اس کے بعد آنے والا جمعہ عیدالفطر کے ساتھ بھی موافق ہوسکتا ہے۔
ادھر انجمن اوقاف جامع مسجد کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت میرواعظ مولوی عمر فاروق نے کی۔ اجلاس میں جمعتہ الوداع، شبِ قدر اور عیدالفطر کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔
اجلاس میں امید ظاہر کی گئی کہ حکام تقریباً سات برس کے بعد شہرِ قدیم کی تاریخی جامع مسجد میں اجتماعی نماز اور مذہبی اجتماعات کی اجازت دیں گے۔
انجمن اوقاف نے کہا کہ نمازوں کے پرامن اور منظم انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں کے ساتھ مکمل تال میل رکھا جائے گا۔