عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے پہلے دن اسپیکر عبدالرحیم راتھرنے پیر کے روز واضح کیا کہ ایوان میں کسی بھی قسم کی بد نظمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اسپیکر نے کہا کہ جمہوریت میں اختلاف رائے کی گنجائش ہوتی ہے، تاہم اس کا اظہار باوقار انداز میں ہونا چاہیے۔
“ایک وقت تھا جب لوگ اسمبلی کی کارروائی کے بارے میں اگلے دن اخبارات کے ذریعے جان پاتے تھے، لیکن آج عوام اپنے گھروں میں بیٹھ کر ہمیں براہِ راست دیکھ رہے ہیں۔ ہمیں ایک دوسرے کی تذلیل یا بے عزتی نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام اسمبلی سے اپنے مسائل کے حل کی توقع رکھتے ہیں۔
“لوگ حل چاہتے ہیں، ہنگامہ آرائی نہیں۔ شور شرابہ کر کے آپ عوام کو مطمئن نہیں کر سکتے۔ حلقہ انتخاب کے اسپیکر نے کہا لوگ دیکھ رہے ہیں کہ آپ ان کے مسائل کس طرح ایوان میں اٹھا رہے ہیں ـ
اسپیکر نے اراکین اسمبلی کو یقین دلایا کہ بجٹ اجلاس کے دوران انہیں اپنے مسائل اٹھانے کے لیے خاطر خواہ وقت دیا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بزنس ایڈوائزری کمیٹی (بی اے سی) نے فیصلہ کیا ہے کہ بجٹ کے پہلے مرحلے میں دو نشستیں ہوں گی۔
آخر میں اسپیکر نے ایک بار پھر دو ٹوک انداز میں کہا کہ ایوان میں بد نظمی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انھوں نے کہاایوان میں نظم و ضبط قائم رکھنا میری ذمہ داری ہے، اور میں بد نظمی کی اجازت نہیں دوں گاـ
جموں و کشمیر اسمبلی کے اسپیکر کی بجٹ اجلاس کے آغاز پر اراکین اسمبلی کو بد نظمی سے باز رہنے کی سخت ہدایت