عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں//جموںو کشمیر پولیس نے ایک نوجوان کے قتل کیس کو حل کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ بدھ کے روز پرہلاد سنگھ نے پولیس کنٹرول روم میں شکایت درج کرائی کہ اس کے 19 سالہ بیٹے راگھو جموال عرف راگھو، ساکن بن تالاب، کو نامعلوم افراد نے اس وقت اغوا کر لیا جب وہ جانی پور علاقے میں ایک انسٹی ٹیوٹ میں کمپیوٹر کلاس میں حاضری دینے نکلا تھا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ شکایت موصول ہونے پر پولیس چوکی چنور میں ایک مقدمہ درج کیا گیا اور تھانہ ڈومانہ کی ایک ٹیم کو تفتیش کیلئے بھیجا گیا۔ تحقیقات کے دوران پتہ چلا کہ متاثرہ نوجوان اس دن انسٹی ٹیوٹ میں حاضر نہیں ہوا تھا جس کے بعد تحقیقات کو تیز کر دیا گیا۔
اُنہوں نے کہا،”انسانی اور تکنیکی انٹیلی جنس کے ذریعے معلوم ہوا کہ متاثرہ نوجوان کو دوسرے نوجوان اغوا کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ کافی مشقت کے بعد پولیس اغوا کار کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی اور بھرپور کوششوں کے بعد، رات کے وقت ملزم کو پٹولی میں اس کے کرائے کی رہائش گاہ سے ٹریس کر لیا گیا اور اس کے قبضے سے موبائل فون برآمد کیا گیا جسے وہ تاوان کی کالیں کرنے کے لیے استعمال کر رہا تھا”۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم کی شناخت مین بازار کشتواڑ کے رہنے والے 23 سالہ ستیندر کمار کے طور پر کی گئی ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ متوفی راگھو جموال کی لاش ستیندر کمار کے انکشاف پر رائے پور کھاری-جگتی لنک روڈ سے متصل جنگلاتی علاقے سے برآمد ہوئی ہے۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم نے اعتراف جرم کیا اور اعتراف کیا کہ اس نے مقتول کے سر پر پتھر مارا جس سے وہ ہلاک ہوگیا۔
ضروری قانونی کارروائیوں کے بعد لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال جموں منتقل کیا گیا جبکہ کیس کی تحقیقات جاری ہے۔