عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/سری نگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر انڈیگو کی پروازوں میں خلل آج مسلسل دوسرے دن بھی جاری رہا، جہاں صبح 8 بجے تک 16 پروازوں کی نقل و حرکت منسوخ ہوئیں۔
ایک سرکاری عہدیدار نے بتایا کہ ہفتے کے روز ایئرپورٹ پر کل 64 پروازوں کی آمد و روانگی شیڈول تھی جن میں 32 آمد اور 32 روانگیاں شامل تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان میں سے انڈیگو ایئرلائنز کی 36 پروازیں تھیں18 آمد اور 18 روانگیاں۔ تاہم انڈی گو کی 14 پروازیں، جن میں 7 آمد اور 7 روانگیاں شامل ہیں، منسوخ کر دی گئیں جبکہ صبح کے وقت کسی بھی پرواز میں تاخیر کی اطلاع نہیں ملی۔
انھوں نے مزید کہا کہ دیگر ایئرلائنز کی دو پروازیں ایک آمد اور ایک روانگی بھی منسوخ ہوئیں، جس کے بعد مجموعی طور پر منسوخ شدہ پروازوں کی تعداد 16 ہوگئی۔
علاوہ ازیں، ایئرپورٹ حکام نے بتایا کہ بقیہ پروازیں شیڈول کے مطابق چل رہی ہیں، تاہم مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے قبل اپنی پرواز کا اسٹیٹس ضرور چیک کریں۔ ایک ایئرپورٹ عہدیدار نے کہا ہم مسافروں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنی پرواز کا وقت کنفرم کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے ایئرپورٹ وقت سے پہلے پہنچیں۔
یہ منسوخیاں ایک روز بعد سامنے آئیں، جب جمعرات کو جموں و کشمیر بھر میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہوا تھا اور 41 پروازیں منسوخ ہوئی تھیں جن میں 39 انڈیگو کی تھیں۔ ان منسوخیوں کی وجہ انڈیگو کے اندرونی کمپلائنس اقدامات اور ڈی جی سی اے (ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن) کی نئی سیفٹی ہدایات کے بعد عملے کی کمی بتائی گئی ہے۔
سری نگر ایئرپورٹ پر انڈیگو پروازوں میں خلل جاری،صبح کے اوقات میں 16 پروازیں منسوخ