عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/ہندوستان نے متحدہ عرب امارات کے مشرقی ساحل پر واقع شہر فجیرہ میں ایران کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مغربی ایشیا میں تمام مسائل کا حل بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔
پیر کو ہونے والے اس حملے میں تین ہندوستانی شہری بھی زخمی ہوئے ہیں۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اس واقعے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان تمام مسائل کے پُرامن حل کے لیے ہر ممکن کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ فجیرہ پر حملہ، جس میں تین ہندوستانی شہری زخمی ہوئے، مکمل طور پر ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے شہری تنصیبات اور بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے والی اس طرح کی کارروائیوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ہندوستان خطے میں امن اور استحکام کی بحالی کے لیے مسلسل سفارت کاری اور مذاکرات کی حمایت کرتا رہا ہے۔ ساتھ ہی بین الاقوامی قوانین کے مطابق آبنائے ہرمز کے ذریعے آزاد اور بلا رکاوٹ بحری آمد و رفت اور تجارت کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے فجیرہ آئل انڈسٹریز زون میں پیر کے روز ڈرون حملے کے نتیجے میں تیل کے ذخیرے میں آگ لگ گئی تھی، جس میں تین ہندوستانی شہری زخمی ہو گئے تھے۔
ہندوستان نے فجیرہ حملے کی سخت مذمت کی، مسائل کے حل کے لیے سفارت کاری پر زور دیا