عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے بہار میں پیش آئے ایک افسوسناک واقعے پر سخت ردِعمل ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی جانب سے ایک خاتون کی نقاب کھینچنے کے مبینہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کسی بھی خاتون کی عزت، وقار اور شخصی آزادی پر حملہ ناقابلِ قبول ہے اور ایسے واقعات نہ صرف سماجی اقدار بلکہ آئینی اصولوں کی بھی صریح خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے احترام اور ان کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہر سطح پر حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اولین ذمہ داری ہے۔
عمران نبی ڈار نے کہا کہ عوامی منصب پر فائز افراد سے اس طرح کے رویے کی توقع نہیں کی جا سکتی اور اگر ایسے واقعات کو نظرانداز کیا گیا تو اس سے معاشرے میں غلط پیغام جائے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ واقعے کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر مقدمہ درج کیا جائے اور شفاف تحقیقات کے ذریعے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔نیشنل کانفرنس کے ترجمان نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ خواتین کے احترام، باہمی رواداری اور قانون کی پاسداری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مہذب اور ترقی یافتہ معاشرہ وہی ہوتا ہے جہاں خواتین خود کو محفوظ، باوقار اور بااختیار محسوس کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل کانفرنس خواتین کے حقوق کے تحفظ اور وقار کی بحالی کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی اور کسی بھی سطح پر ہونے والی ناانصافی کے خلاف خاموش نہیں رہے گی۔
بہار میں خاتون کی نقاب کھینچنے کا واقعہ: نیشنل کانفرنس کی شدید مذمت، نتیش کمار کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ