عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/سرینگر کے رکنِ پارلیمنٹ آغاروح اللہ مہدی نے جمعرات کو کہا کہ ان کی سیاست اصولوں پر مبنی ہے، نہ کہ طاقت یا عہدوں کی خواہش پر۔ یہ بیان انہوں نے اس کے ایک روز بعد دیا جب نائب وزیر اعلیٰ سریندرچودھری نے انہیں مشورہ دیا تھا کہ وہ پارلیمنٹ میں اپنی آواز بلند کریں اور ’’لائم لائٹ‘‘ تلاش کرنا چھوڑ دیں۔آغا روح اللہ نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئےکہا کہ جو لوگ اپنی سیاست میں نظم و ضبط، اصول، ایمانداری اور وفاداری سے محروم ہوں، وہ جواب کے بھی لائق نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا، ’’نائب وزیر اعلیٰ نے پی ڈی پی چھوڑ دی، اور اب وہ مجھے اصولوں اور پارٹی پر نصیحت دیتے ہیں۔ میری جدوجہد اصولوں کے لیے ہے، کرسی کے لیے نہیں۔ میں نے کبھی کرسی کے لیے نہ پارٹی بدلی اور نہ اصول۔‘‘آغا روح اللہ نے کہا کہ دو سال پہلے نائب وزیر اعلیٰ نیشنل کانفرنس میں نہیں تھے، کبھی بی جے پی کے ساتھ کھڑے نظر آئے، کبھی پی ڈی پی کے ساتھ۔ ’’جہاں بھی انہیں کرسی اور موقع ملتا ہے، وہ وہیں چلے جاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے لوگوں کے پاس نہ اصول ہوتے ہیں، نہ اقدار اور نہ ہی کوئی سمت۔ ’’میری سیاست اور میری کوششیں اصولوں اور اقدار پر قائم ہیں۔ اسی لیے اگر میں نے پارٹی سے اختلاف بھی کیا ہے تو وہ اصولوں کی بنیاد پر ہے، نہ کہ کرسی کے لیے۔