عظمیٰ ویب ڈیسک
ممبئی/کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر داخلہ شیوراج پاٹل کا طویل علالت کے بعد جمعہ کو مہاراشٹر کے لاتور میں انتقال ہوگیا۔ اُن کی عمر 90 برس تھی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق، مسٹر پاٹل نے آج صبح تقریباً 6:30 بجے لاتور میں واقع اپنی رہائش گاہ پر آخری سانس لی۔ وہ کافی عرصے سے بیمار تھے اور لاتور میں ہی ان کا علاج جاری تھا۔ اپنے طویل سیاسی کریر میں پاٹل نے مرکزی وزیر داخلہ اور وزیر دفاع سمیت کئی اہم عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ وہ لوک سبھا کے اسپیکر بھی رہے۔
12اکتوبر 1935 کو پیدا ہونے والے پاٹل مہاراشٹر کے لاتور سے سات مرتبہ رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔ متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کی حکومت میں انہیں وزیر داخلہ اور وزیر دفاع کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں۔ انہوں نے 1991 سے 1996 تک ملک کے دسویں لوک سبھا اسپیکر کے طور پر خدمات انجام دیں۔ انہوں نے 2010 سے 2015 تک پنجاب کے گورنر اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقے چنڈ گڑھ کے ایڈمنسٹریٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیں۔ پاٹل 2008 کے ممبئی حملوں کے وقت ملک کے وزیر داخلہ تھے اور اس واقعے کے بعد ہوئی شدید تنقید کے نتیجے میں انہوں نے 30 نومبر 2008 کو اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
پاٹل نے حیدرآباد کی عثمانیہ یونیورسٹی سے سائنس میں ڈگری حاصل کی اور بامبے یونیورسٹی سے قانون کی تعلیم مکمل کی۔ وہ 1967 سے 1969 کے دوران لاتور میونسپل کونسل میں بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ پاٹل کا تعلق پنجم سالی لنگایت کمیونٹی سے تھا۔ انہوں نے جون 1963 میں وجیہ پاٹل سے شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہیں۔ وہ ستیہ سائی بابا کے بھی پُرجوش عقیدت مند تھے۔
سابق وزیرِ داخلہ شیوراج پاٹل کا انتقال