سرینگر// جموں و کشمیر کی گرمائی راجدھانی سرینگر میں مختلف ملازمین انجمنوں نے پریس کالونی میں احتجاج کیا جس دوران پولیس نے متعدد ملازمین کو حراست میں لیا۔
اطلاعات کے مطابق جی فنڈ کی واگزاری، ایس آر او 43کو پوری طرح سے بحال کرنے اور عارضی ملازمین کی مستقلی کی مانگ کو لے کر جمعرات کے روز پریس کالونی سرینگر میں ملازمین انجمنوں نے احتجاج کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ جوں ہی نعرے بازی کرتے ہوئے ملازمین پریس کالونی میں نمودار ہوئے تو پہلے سے تعینات پولیس نے ایمپلائز جوائنٹ کمیٹی کے سربراہ اعجاز خان سمیت متعدد ملازمین کو دھر دبوچ کر پولیس اسٹیشن منتقل کیا۔
گرفتاری سے قبل ملازمین نے کہاکہ گزشتہ چار سالوں سے سرکاری ملازمین جی فنڈ کی واگزاری کی مانگ کر رہے ہیں لیکن بلیں ٹریجریوں میں پڑی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ایس آراو 43کے ساتھ چھیڑ خوانی کی گئی اور ہم اس کی بحالی کا مطالبہ کر رہے ہیں جبکہ مختلف محکموں میں تعینات عارضی ملازمن اور ڈیلی ویجروں کی مستقلی کا معاملہ بھی کئی برسوں سے لٹکا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ سرکار نے ملازمین سے وعدہ کیا ہے کہ ان کی جائز مانگوں کو پورا کیا جائے گا لیکن ابھی تک کسی بھی وعدے کو عملی جامہ نہیں پہنایا گیا۔
سرینگر میں ملازمین کا احتجاج، کئی گرفتار
