عظمیٰ نیوز سروس
جموں// پولیس نے اتوار کو اپریل میں پولیس پارٹی پر ہوئے حملے کے ایک اہم ملزم کو سانبہ ضلع سے گرفتار کیا ہے، جس سے یہ اس معاملے میں آٹھویں گرفتاری ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ رکھ باروٹیاں کا رہائشی فرمان علی عرف “ڈی سی” مبینہ طور پر 6 اپریل کو اپنے گاو¿ں کے قریب پولیس پارٹی پر حملے میں ملوث تھا۔
ترجمان نے کہا کہ علی، ہیروئن کا ایک بدنام سمگلر، گرفتاری سے بچنے کے لیے اکثر اپنی شناخت اور علاقے تبدیل کرتا رہتا تھا، اسے وجے پور سے ایک پولیس پارٹی نے گرفتار کیا ہے۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) سانبہ بینم توش نے کہا کہ حملے میں ملوث تمام مجرموں اور سمگلروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔افسر نے بتایا کہ وجے پور پولیس تھانہ میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی نے مزید کہا،”پولیس انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں تفتیش کر رہی ہے اور کیس میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاشی اور چھاپے مار رہی ہے۔ اب تک، پولیس آٹھ ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوئی ہے اور کچھ اور کی شناخت ہو گئی ہے جنہیں جلد ہی گرفتار کر لیا جائے گا”۔