عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/ جموں و کشمیر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی نے ہدایت دی کہ سرینگر عیدگاہ میں جاری تعمیراتی کام عید الفطر سے پہلے مکمل کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عیدگاہ میں عید کی نماز کا انعقاد وادی کی موسمی صورتحال پر منحصر ہوگا۔
عیدگاہ میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیتے ہوئے ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ ایک خوبصورت اور بہتر انداز میں تیار شدہ نماز گاہ کی ضرورت ہے۔
انھوں نے کہاکہ. متعلقہ حکام کو پہلے ہی ہدایت دی ہے کہ تعمیراتی کام عیدالفطر سے قبل مکمل کیا جائے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عیدگاہ کو خوبصورت حالت میں دیکھا جائے تاکہ عوام کو نماز ادا کرنے میں کوئی دقت نہ ہوـ
اندرابی نے مختلف مزارات بشمول حضرت بل، دستگیر صاحب اور مخدوم صاحب میں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
انہوں نے یقین دلایا کہ شبِ برات کے دوران زائرین کی سہولت کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
متعدد سرکاری ایجنسیاں مزارات کے ارد گرد صفائی برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہیں اور یہ یقینی بنانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں کہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
تاہم، انہوں نے پارلیمنٹ میں متعارف کروائے جانے والے وقف ترمیمی بل پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا، “میں اس پر تبصرہ صرف اسی وقت کروں گی جب ہمیں معلوم ہوگا کہ کیا ترامیم کی جا رہی ہیں۔
حالیہ ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر کہ عسکریت پسندوں کے اہل خانہ کو پاسپورٹ سے محروم نہیں کیا جا سکتا، ڈاکٹر اندرابی نے کہا کہ اس حکم پر عمل درآمد ہونا چاہیے۔