عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں/مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ گزشتہ برس پہلگام میں ہونے والے دلخراش حملے کے باوجود ملک بھر کے سیاحوں کا جوش و جذبہ ذرّہ برابر بھی کم نہیں ہوا ہے اور ہندوستان کے مختلف حصوں سے آنے والے لوگ اب بھی وہی اعتماد اور دلچسپی کے ساتھ جموں و کشمیر کا رُخ کر رہے ہیں۔ امت شاہ جموں میں منعقد اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کر رہے تھے، جس میں مجموعی ترقیاتی منصوبوں، بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی، سیکیورٹی انتظامات اور سیاحتی شعبے کی بحالی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی سیاحت بھارت کی معاشی اور ثقافتی دھڑکن کا اہم حصہ ہے اور اس کی حقیقی صلاحیت کو ملک بھر میں مؤثر انداز میں پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ دیگر ریاستوں میں جموں و کشمیر کے سیاحتی مقامات کے بارے میں لوگوں کو جانکاری فراہم کی جائے تاکہ یہ پیغام واضح طور پر پہنچے کہ وادی آج بھی محفوظ، خوشگوار اور سیاحوں کے لیے پوری طرح پُرکشش ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت جموں و کشمیر میں نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اور عالمی معیار کی ہسپتالٹی تیار کرنے کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 22 اپریل کو پہلگام میں پاکستانی ملی ٹینٹوں نے سیاحوں کو نشانہ بنا کر 26 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس افسوسناک واقعہ نے سیاحتی صنعت کو خاصا دھچکا پہنچایا تھا، مگر امت شاہ کے مطابق جموں و کشمیر کی خوبصورتی، یہاں کی مہمان نوازی اور قدرتی دلکشی اب بھی سیاحوں کو اپنی جانب کھینچ رہی ہے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے ابتدائی مہینوں میں سیاحتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، ہوٹل انڈسٹری میں بکنگ بہتر ہوئی ہے اور گلمرگ، سونمرگ، پہلگام، یوسمرگ، بھدرواہ اور کٹرہ جیسے مقامات پر ملکی سیاحوں کی آمد تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
امت شاہ نے کہا کہ حکومت کا فوکس نہ صرف روایتی سیاحتی مقامات کی بحالی پر ہے بلکہ ایڈونچر ٹورازم، مذہبی سیاحت، ایگرو ٹورزم، ایکو ٹورزم اور فلم ٹورزم جیسے سیکٹرز کو بھی نئی سمت دینے پر ہے تاکہ روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں اور عالمی سطح پر جموں و کشمیر کی شناخت مضبوط ہو۔انہوں نے یقین دلایا کہ مرکز سیاحت، ترقی اور سیکیورٹی—تینوں محاذوں پر مستقل اور بھرپور تعاون جاری رکھے گا تاکہ جموں و کشمیر خوشحالی اور استحکام کی نئی منزلوں کو چھو سکے۔
پہلگام حملے کے باوجود ملک بھر کے سیاحوں کاکشمیر آنے کا جوش کم نہیں ہوا:امت شاہ