جموں و کشمیر کی تمام سیٹوں پر شکست کے بعد بھاجپا ’افسپا‘ کو بھول جائے گی: عمر عبداللہ

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

سوپور// نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر جموں وکشمیر میں افسپا ہٹانے کا وعدہ کیا ہے لیکن پانچوں سیٹوں پر شکست کے بعد بھاجپا اسے بھول جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم انڈیا الائنس کے حصہ دار ہیں اور آگے بھی رہیں گے۔
موصوف سابق وزیر اعلیٰ نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
وزیر داخلہ امیت شاہ کے افسپا ہٹانے کے بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا، ”اس غلط فہمی میں مت رہئے کہ وزیر داخلہ نے افسپا ہٹانے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے اس ک ہٹانے پر غور کرنے کی بات کی ہے، افسوس کی بات ہے کہ ان کو اب اس پر غور کرنے کی بات یاد آگئی“۔
انہوں نے کہا، ”مجھے ڈر اس بات کا ہے کہ جس طرح لداخ کو ہل کونسل انتخابات کے بعد چھٹا شیڈول دینے کا وعدہ کرکے دھوکہ دیا گیا کہیں ہمارے ساتھ بھی ایسا ہی نہ ہو“۔
ان کا کہنا تھا، ”پارلیمانی انتخابات ہوں گے تو بی جے پی کو جموں و کشمیر کی پانچوں سیٹوں پر شکست ملے گی پھر وہ افسپا بھول جائیں گے“۔
انڈیا الائنس کے بارے میں پوچھے جانے پر عمر نے کہا، ”ہم انڈیا الائنس کا حصہ ہیں اور آگے بھی رہیں گے“۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں کامیابی کے بعد ہم پارلیمنٹ میں لوگوں کے جذبات کی ترجمانی کریں گے۔