عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر یونٹ اتوار کو سرینگر میں ایک اجلاس منعقد کرے گی، جس میں لیجسلیچر پارٹی لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا۔ یہ اجلاس جموں و کشمیر کے پہلے اسمبلی سیشن سے پہلے ہو رہا ہے، جو 6 سال کے وقفے کے بعد 4 نومبر کو منعقد ہونے والا ہے۔
حال ہی میں منعقد ہونے والے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے اپنی اب تک کی سب سے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 29 نشستیں جیت لی ہیں تاہم، بی جے پی کے ایم ایل اے دیویندر سنگھ رانا، جنہوں نے نگروٹہ اسمبلی حلقہ سے 30,000 سے زائد ووٹوں کی برتری سے کامیابی حاصل کی تھی اور اپنی سیاسی اہمیت کی وجہ سے اپوزیشن لیڈر کے عہدے کے مضبوط امیدوار سمجھے جا رہے تھے، جمعرات کو انتقال کر گئے۔
“آوازِ جموں” کے نام سے مشہور رانا نے اکتوبر 2021 میں اپنے قریبی ساتھی اور سابق وزیر ایس ایس سلاتھیا کے ساتھ نیشنل کانفرنس چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
گزشتہ ماہ، بی جے پی کے پارلیمانی بورڈ نے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی اور پارٹی کے قومی جنرل سیکریٹری ترن چُگ کو جموں و کشمیر میں لیجسلیچر پارٹی لیڈر کے انتخاب کے لیے مبصر مقرر کیا تھا۔
بی جے پی ذرائع کے مطابق، اتوار کی صبح سرینگر میں ہونے والے اس اجلاس میں جموں و کشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینہ سمیت تمام 28 ایم ایل ایز اور سینئر پارٹی رہنما شریک ہوں گے۔
اجلاس میں اپوزیشن لیڈر کا انتخاب کیا جائے گا، اور اس نام کو پارٹی کی مرکزی قیادت کے پاس بھیجا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ پانچ ناموں پر غور کیا جا رہا ہے، لیکن اجلاس کے بعد ہی واضح ہوگا کہ کس کو منتخب کیا جاتا ہے۔
جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس (این سی) 42 نشستیں جیت کر سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری ہے اور اسے 95 رکنی ایوان میں کانگریس اور سی پی آئی (ایم) کی حمایت حاصل ہے، جنہوں نے بالترتیب چھ اور ایک نشست جیتی ہے۔
این سی کو سات میں سے چھ آزاد ایم ایل ایز اور عام آدمی پارٹی کی بھی حمایت حاصل ہے، جس نے ڈوڈہ سیٹ جیت کر اپنا کھاتہ کھولا ہے۔ پی ڈی پی نے تین اور پیپلز کانفرنس نے ایک نشست حاصل کی ہے، جبکہ پانچ نامزد ارکان ہیں۔
نئے منتخب جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا پہلا اجلاس 4 نومبر کو اسپیکر کے انتخاب اور لیفٹیننٹ گورنر کے خطاب کے ساتھ شروع ہوگا۔
پروٹیم سپیکر مبارک گل کی جانب سے جاری کردہ کیلنڈر کے مطابق، اسمبلی 5 نومبر کو تعزیتی حوالہ جات پیش کرے گی، جبکہ 6 اور 7 نومبر کو ایل جی کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر بحث ہوگی، اور 8 نومبر کو اس کا جواب دیا جائے گا۔