بھارت جوڑو یاترا آج شب چندرکوٹ میں قیام پذیر ہوگی،انتظامات جاری

محمد تسکین

رام بن// بارش، برفباری اور ٹھٹھرتی سردیوں کے درمیان راہول گاندھی کی زیرِ قیادت کانگریس کی بھارت جوڑو یاترا اپنے آخری پڑاؤ کی طرف بڑھ رہی ہے اور یہ یاترا آج شام تک ضلع رام بن میں داخل ہو رہی ہے، یاترا کنٹینرزچندر کوٹ پہنچ چکے ہیں۔
آج شب بھارت جوڑو یاترا کا قیام یاترا نواس چندر کوٹ میں ہوگا اور بُدھ کو بھارت جوڑو یاترا بانہال پہنچے گی ۔

بھارت جوڑو یاترا اور یومِ جمہوریہ کے پیشِ نظر ضلع بھر اور خاص طور پر شاہراہ پر سیکورٹے کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

بانہال کے لامبر علاقے میں ٹرک ٹرمینل میں برفباری ہورہی ہے جہاں بھارت جوڑو یاترا کے یاتری قیام کریں گے۔
بانہال اور رام بن کے درمیان بارشیں ہورہی ہیں اور کسی نہ کسی طور یاترا پر موسم کی خرابی کے اثرات مرتب ہوں گے۔
راہول گاندھی کی قیادت والی بھارت جوڑو یاترا بانہال میں دو روز قیام کرے گی اور راہول گاندھی یوم جمہوریہ کی تقریب کے موقع پر بانہال ہی میں قومی جھنڈے کو لہرائینگے ۔ اور 27جنوری کو یہ یاترا وادی کشمیر میں داخل ہوگی۔
بانہال میں بھاری برفباری کی پیشنگوئی کے پیش نظر وہاں ٹینٹ اور کرسیاں وغیر نہیں لگائی جاسکیں ہیں۔
ادھر محکمہ موسمیات نے آج رات سے کل بعد دوپہر تک مزید برفباری کی پیشن گوئی کی ہے۔