راجوری//راجوری میں ڈرون کی نقل و حرکت کے بعد وسیع علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ایک ڈرون کو مار گرایا گیا ہے، جس سے اب تک کچھ نقدی، میگزین اور دیگر مواد برآمد ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب لائن آف کنٹرول پر بیری پٹن اور سیوٹ کے علاقوں سے فضائی اشیاءکی مشتبہ نقل و حرکت کو دیکھا گیا جس کے بعد بڑے پیمانے پر محاصرہ اور تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔
سرکاری ذرائع نے بتایاکہ رات کے اوقات میں شروع ہونے والے اس آپریشن میں سیکورٹی فورسز کی ٹیموں نے ایک ڈرون کو گرانے میں کامیابی حاصل کی اور اب تک اس سے اے کے رائفل کے کچھ میگزین، ایک مہربند پیک، کچھ نقدی برآمد ہوئی ہے۔
پی آر او ڈیفنس جموں نے بتایا کہ ڈرون سے اے کے 47 کے 131 راونڈ، 5 میگزین، 2 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے ہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا کہ اس علاقے کے کئی دیہات میں وسیع سرچ آپریشن جاری ہے اور مزید بازیابی متوقع ہے۔
ایک عہدیدار نے بتایا،”ہم صرف یہ بتا سکتے ہیں کہ ڈرون کو کامیابی کے ساتھ ٹریک کیا گیا ہے اور بازیافت ہوئی ہے۔ مزید تفصیلات بعد میں شیئر کی جائیں گی”۔
بتادیں کہ بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول دونوں کے سرحدی علاقوں میں اسلحے، نقدی اور منشیات کی ایل او سی کے پار اسمگلنگ فورسز کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گیا ہے اور جموں و کشمیر میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو ہوا دینے کے لیے ان علاقوں میں ان مواد کو گرانے کی بار بار کوششیں جاری ہیں۔
راجوری میں فوج نے پاکستانی ڈرون کو مار گرایا، اسلحہ ونقدی برآمد