جموں ہوائی اڈے پر اینٹی ہائی جیک مشق

جموں//ملک کی ایلیٹ سیکورٹی فورسز ،نیشنل سیکورٹی گارڈ (این ایس جی) نے ہفتہ کو جموں ہوائی اڈے پر ایک اینٹی ہائی جیک ڈرل کا انعقاد کیا۔
تفصیلات کے مطابق، وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشق میں بھارتی فضائیہ، اے اے آئی، ریاستی حکومت، جموں و کشمیر پولیس، سی آئی ایس ایف، آئی او سی اور دیگر اہم عہدیدار شامل تھے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مشق میں ہائی جیکروں کے ساتھ مذاکرات سمیت تمام طرح کی سرگرمیاں شامل تھیں جس میں این ایس جی کی ایک طاقتور ٹیم کی مداخلت اور ہائی جیکروں پر قابو پانا بھی شامل ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کی مشق کے دوران بین ایجنسیوں کے عمل کی توثیق کرنے کا ایک منفرد موقع فراہم کیا گیا۔
ائیر انڈیا کا ایک طیارہ جو دوپہر کو جموں میں اترا، اس کو حقیقت پسندانہ مشق کے لیے استعمال کیا گیا اور یہ مشق کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی جس میں تمام سٹیک ہولڈرز کے لیے قیمتی اسباق اور تربیت حاصل کی گئی۔