اننت ناگ، پلوامہ تپ دق سے پاک، سری نگر کو گولڈ میڈل

سری نگر// اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع کو ٹی بی کے خاتمے کے لیے سب نیشنل سرٹیفیکیشن کے تحت تپ دق سے پاک قرار دیا گیا ہے۔
ریاستی تپ دق کے افسر ڈاکٹر اظفر قادری نے بتایا کہ دو مزید اضلاع- اننت ناگ اور پلوامہ کو ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سری نگر کو طلائی تمغہ ملا ہے جبکہ یو ٹی کو کانسے کا تمغہ ملا ہے اور بیشتر دیگر اضلاع کی حالت برقرار ہے۔ انہوں نے کہا کہ “اب ہمیں تین اضلاع میں ٹی بی تھری کا اعزاز حاصل ہے کیونکہ بڈگام کو 2021 میں ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا تھا”۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کشمیر کو 3 گولڈ میڈل ملے تھے اور اب وہ اپ گریڈ ہو گئے ہیں اور پلوامہ اور اننت ناگ کو ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا،”کشمیر میں ٹی بی کے واقعات میں کمی آرہی ہے۔ ہم 2025 تک ٹی بی کے خاتمے کو حاصل کر لیں گے کیونکہ ہم تیز اور فعال کیسوں کی تلاش اور کیس اسکریننگ کر رہے ہیں”۔
قابلِ ذکر بات ہے کہ کیس کے اہداف میں کمی کے حصول میں شناخت کے 4 زمرے ہیں جن میں سرفہرست مقام ٹی بی سے پاک حیثیت کا ہے جس میں ٹی بی معاملات 80فیصد کمی درج کی جاتی ہے۔
دیگر زمروں میں گولڈ میڈل کیٹیگری (60فیصد سے زیادہ کمی)، سلور میڈل کیٹیگری (40فیصد سے زیادہ کمی) اور برانز میڈل کیٹیگری (20فیصد سے زیادہ کمی) شامل ہیں۔
بڈگام پہلا ضلع تھا جسے ٹی بی سے پاک قرار دیا گیا تھا۔ سب نیشنل سرٹیفیکیشن اضلاع، ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی ٹی بی سے پاک حیثیت کی طرف پیش رفت کو نشان زد کرنے کی ایک پہل ہے، جو 2025 تک ٹی بی سے پاک ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے 2020 میں شروع کی گئی تھی۔