عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر حکومت نے ملازمت کے خواہشمند امیدواروں کو عمر میں نرمی دینے کی جانب ایک اہم قدم بڑھاتے ہوئے اس تجویز کو وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ کی منظوری کے بعد حتمی اجازت کے لیے راج بھون بھیج دیا ہے۔یہ پیش رفت نیشنل کانفرنس کے رہنما اور ترجمان اعلیٰ تنویر صادق نے ظاہر کی، جنہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ فائل کو سرکاری سطح پر کلیئر کر دیا گیا ہے اور باضابطہ طور پر گورنر کی منظوری کے لیے روانہ کیا گیا ہے۔وزیرِ اعلیٰ کی منظوری کے بعد اب حتمی فیصلہ راج بھون کو کرنا ہے، جس کے بعد سرکاری حکم نامہ جاری ہونے کی توقع ہے۔
یہ اقدام ہزاروں امیدواروں کے لیے بڑی پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، بالخصوص وہ نوجوان جو گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل بھرتیوں میں تاخیر کے سبب عمر کی بالائی حد پار کر چکے ہیں اور جنہوں نے عمر میں نرمی کا مطالبہ زور و شور سے اٹھایا تھا۔
2019 سے جموں و کشمیر میں بھرتی کے عمل میں انتظامی تبدیلیوں، نئی بھرتی ایجنسیوں کی تشکیل میں تاخیر، سروس رولز میں تبدیلیوں اور طویل قانونی چارہ جوئی کے باعث بار بار رکاوٹیں آتی رہی ہیں۔ اس دوران متعدد امیدوار عمر کی حد پار کرنے کے باوجود درخواست دینے کا منصفانہ موقع نہیں پا سکے۔
عمر میں نرمی کی تجویز کو حکومت کی منظوری ، حتمی منظوری کے لیے فائل راج بھون روانہ