جموں / /جموں میں پولیس سٹیشن باہو فورٹ نے دو علیحدہ ناکہ چیکنگ کارروائیوں کے دوران تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ہیروئن نما نشہ آور مادہ برآمد کیا ہے۔پولیس کے مطابق پہلی کارروائی 17اور 18جولائی کی درمیانی شب ڈونگیان، بٹھنڈی میں ناکہ چیکنگ کے دوران انجام دی گئی، جہاں رجسٹریشن نمبر JK14L-2215والی سیاہ رنگ کی بجاج پلسر موٹر سائیکل کو روک کر تلاشی لی گئی۔ اس دوران راکیش شرما ولد پارس رام، ساکن گاؤں جوگواں، پلان والا، کھوڑ، جموں اور سنجے شرما ولد بشن داس، ساکن گاؤں گھورڈی، تحصیل رام نگر، ضلع ادھم پور کے قبضے سے 11.12گرام ہیروئن نما مادہ برآمد کیا گیا۔ایک اور کارروائی 24 اور 25 جولائی کی درمیانی شب اسی مقام پر انجام دی گئی، جہاں رجسٹریشن نمبر JK02DV-7939والی سرخ رنگ کی سکوٹی کو روک کر تلاشی لی گئی۔ اس دوران اسکوٹی سوار کرن سنگھ ولد دیپک سنگھ، ساکن گوسوامی بستی، قاسم نگر، جموں کے قبضے سے 8.04گرام ہیروئن نما مادہ برآمد ہوا۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن باہو فورٹ میں ایف آئی آر نمبر 234/2026زیر دفعات 8/21/22/25/29این ڈی پی ایس ایکٹ اور ایف آئی آر نمبر 244/2026زیر دفعات 8/21/22/25این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی تاکہ گرفتار ملزمان کے منشیات کے نیٹ ورک اور ان کے آگے اور پیچھے کے روابط کا پتہ لگایا جا سکے۔اس دوران پولیس سٹیشن سٹی جموںنے دو مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تقریباً 18گرام ہیروئن (چٹا) برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق معمول کی چیکنگ کے دوران پولیس اسٹیشن سٹی کی ایک ٹیم نے دونوں ملزمان کو روک کر تلاشی لی، جس کے دوران ان کے قبضے سے ہیروئن (چٹا) برآمد ہوئی۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن سٹی میں ایف آئی آر نمبر 33/2026 زیر دفعات 8/21/22 این ڈی پی ایس ایکٹ اور دفعہ 111 بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کے تحت مقدمہ درج کرکے دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔گرفتار ملزمان کی شناخت ریگن ماشی ولد وجے مسیح، ساکن مکان نمبر 85، گاؤں جلہ چولے، بڑی برہمنہ، ضلع سانبہ اور حسن ولد شام لال، ساکن مکان نمبر 95، والمیکی کالونی، گاندھی نگر، جموں کے طور پر ہوئی ہے۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم حسن ایک عادی مجرم ہے اور اس کے خلاف پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں۔ادھر سانبہ پولیس نے پولیس سٹیشن وجے پور کی حدود میں تین مبینہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے تقریباً 10گرام ہیروئن نما مادہ (چٹا) برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن وجے پور کی ایک ٹیم معمول کی گشت پر تھی کہ اے آئی آئی ایم ایس رہائشی کمپلیکس، وجے پور کے قریب رجسٹریشن نمبر JK20C-1717 والے ایک ٹیمپو ٹریولر کو روک کر تلاشی لی گئی، جو رکھ بروٹیاں کی جانب سے قومی شاہراہ کی طرف جا رہا تھا۔گاڑی کی تلاشی کے دوران اس کے ڈیش بورڈ سے تقریباً 10گرام ہیروئن نما مادہ (چٹا) برآمد کیا گیا۔گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عمران ولد محمد رفیق، ساکن پونی، ضلع ریاسی، بلجیت سنگھ ولد راجندر سنگھ، ساکن سلال کوٹلی، ضلع ریاسی، اور محمد فاروق ولد عبدالرشید، ساکن کلہار، ضلع ریاسی کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ برآمد شدہ منشیات اور جرم میں استعمال ہونے والی گاڑی کو بھی ضبط کر لیا ہے۔اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن وجے پور میں ایف آئی آر نمبر 127/2026زیر دفعات 8/21/22/25/29این ڈی پی ایس ایکٹ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔