جموں / / اکنامک آفنسز ونگ، کرائم برانچ جموں نے جعلی جے اینڈ کے بینک تقرری فراڈ کیس میں ملزم غلام رسول وانی ولد محمد اصغر وانی، ساکن پارس آباد پورہ، بڈگام کے خلاف سپیشل موبائل مجسٹریٹ پیسنجر ٹیکس جموں کی عدالت میں چارج شیٹ پیش کر دی ہے۔یہ مقدمہ ایف آئی آر نمبر 05/2022کے تحت تعزیراتِ ہند کی دفعات 420، 465 اور 468کے تحت درج کیا گیا تھا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے جے اینڈ کے بینک کے جعلی تقرری نامے جاری کرکے ملازمت کے خواہشمند نوجوانوں کو دھوکہ دیا۔یہ مقدمہ سندیپ کمار کی تحریری شکایت پر درج کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے الزام لگایا کہ سال 2019میں ملزم نے انہیں جے اینڈ کے بینک میں بینکنگ اٹینڈنٹ کی ملازمت دلانے کا جھانسہ دیا۔ اس یقین دہانی پر شکایت کنندہ اور ایک دوسرے متاثرہ شخص نے مجموعی طور پر 2لاکھ روپے ادا کیے، جن میں 1لاکھ روپے نقد اور 1لاکھ روپے چیک کے ذریعے دیے گئے۔ ملزم نے متاثرین سے ان کی تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویزات بھی حاصل کیے اور انہیں جے اینڈ کے بینک کے مبینہ تقرری ناموں اور سلیکشن لسٹ کی فوٹو کاپیاں فراہم کیں۔تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم کی جانب سے فراہم کیے گئے تقرری نامے جعلی اور فرضی تھے۔ مزید یہ بھی سامنے آیا کہ دھوکہ دہی سے حاصل کی گئی رقم ملزم کے بینک اکاؤنٹ میں جمع ہوئی تھی۔ تفتیش میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم کرائم برانچ جموں، کرائم برانچ کشمیر اور سائبر پولیس کشمیر میں درج بھرتی فراڈ اور جعلسازی کے متعدد دیگر مقدمات میں بھی ملوث ہے۔تحقیقات کے دوران جمع کیے گئے زبانی، دستاویزی، الیکٹرانک اور حالات و واقعات پر مبنی شواہد کی بنیاد پر ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 173کے تحت حتمی چارج شیٹ سپیشل موبائل مجسٹریٹ پیسنجر ٹیکس جموں کی عدالت میں عدالتی کارروائی کے لیے پیش کر دی گئی ہے۔