عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشن انڈس فوڈ احمد آباد 2026 میں جموں و کشمیر کی اعلیٰ معیار کی غذائی، زرعی اور باغبانی مصنوعات کی نمائش کر رہی ہے، جس کا مقصد مقامی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی دلانا اور برآمدات کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔تین روزہ بزنس ٹو بزنس نمائش 24 سے 26 جولائی تک گاندھی نگر کے ہیلی پیڈ ایگزیبیشن سینٹر میں منعقد ہو رہی ہے۔ اس کا اہتمام ٹریڈ پروموشن کونسل آف انڈیا نے وزارتِ ایم ایس ایم ای کے رائزنگ اینڈ ایکسلریٹنگ ایم ایس ایم ای پرفامنس (RAMP) پروگرام کے تحت کیا ہے۔نمائش میں فوڈ پروسیسنگ، پیکیجنگ، ریٹیل، برآمدات اور زرعی خوراک کے شعبوں سے وابستہ 300 سے زائد نمائش کنندگان، 40 سے زیادہ ریٹیل چینز اور تقریباً 15 ہزار تجارتی زائرین کی شرکت متوقع ہے۔
ہال نمبر 2 میں قائم جموں و کشمیر پویلین میں مائیکروسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ،فارمر پروڈوسر آرنگائزیشن اور خواتین کاروباری افراد اپنی مصنوعات ملکی اور بین الاقوامی خریداروں کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔نمائش میں جغرافیائی شناخت (GI) یافتہ کشمیری زعفران، راجماش، شہد، ملٹی فلورل شہد، آرگینک شہد، ضروری تیل، دواؤں میں استعمال ہونے والی جڑی بوٹیاں، مصالحہ جات، دالیں، خشک میوہ جات اور خشک کیے گئے پھل و سبزیاں نمایاں طور پر پیش کی جا رہی ہیں۔جے کے ٹی پی او کے مطابق یہ نمائش جموں و کشمیر کے کاروباری اداروں کو عالمی خریداروں، ریٹیل چینز، درآمد کنندگان، ڈسٹری بیوٹرز اور ادارہ جاتی خریداری کرنے والی ایجنسیوں سے براہِ راست رابطے کا موقع فراہم کر رہی ہے، تاکہ نئی منڈیوں تک رسائی حاصل ہو اور طویل مدتی تجارتی شراکت داری قائم کی جا سکے۔اس موقع پر جے کے ٹی پی او کے منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ جموں و کشمیر پویلین خطے کی زرعی ویلیو چین، معیاری پیداوار اور برآمدی صلاحیت کا مظہر ہے۔نہوں نے کہا کہ جے کے ٹی پی اوایم ایس ایم ای، ایف پی او اور خواتین کاروباری افراد کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے اور جموں و کشمیر کی مصنوعات کی ایک مضبوط عالمی شناخت قائم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔منتظمین نے خریداروں، تجارتی وفود اور زائرین کو جموں و کشمیر پویلین کا دورہ کرنے اور خطے کی معیاری غذائی، زرعی اور باغبانی مصنوعات کا مشاہدہ کرنے کے ساتھ مقامی کاروباری افراد سے رابطہ قائم کرنے کی دعوت دی ہے۔