غلام نبی رینہ
کنگن//ضلع گاندربل سے تعلق رکھنے والا ایک موٹر سائیکل زنسکارلداخ میں پیش آئے ایک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گیا۔متوفی کی شناخت سجاد احمد ساکن چکہ پرنگ کنگن کے طور پر ہوئی ہے۔ سجاد احمد اپنے پیچھے اہلیہ اور تین بچوں کو چھوڑ گیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق حادثہ زنسکار علاقے میں اس وقت پیش آیا جب سجاد احمد کی موٹر سائیکل حادثے کا شکار ہو گئی۔ حادثے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی ہیں۔ حادثے میں سجاد احمد کو شدید چوٹیں آئیں۔ذرائع نے بتایا کہ زخمی کو بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے واقع کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی شروع کر دی ہے اور حادثے کے اصل اسباب جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ادھر سرینگر کے مضافاتی علاقے کھنموہ میں مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والا ایک غیر مقامی شخص پراسرار حالات میں مردہ پایا گیا، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔حکام کے مطابق پولیس پوسٹ کھنموہ کی ایک ٹیم نے لاش کو ریڈیولوجیکل معائنے کے لیے ایس ایم ایچ ایس اسپتال سرینگر منتقل کیا۔ اس سے قبل مذکورہ شخص کو پرائمری ہیلتھ سینٹرکھنموہ لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔متوفی کی شناخت 37سالہ شیب کمار ولد ایتوا بدیا ساکن گاروپاڑہ، ضلع علی پور، مغربی بنگال کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات کے تحت شیب کمار کھنموہ میں سلیمان پاپ فیکٹری کے مقام پر بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد اس کے ساتھی اسے فوری طور پر پی ایچ سی کھنموہ لے گئے، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔پولیس نے موت کی وجوہات اور حالات کا پتہ لگانے کے لیے قانونی کارروائی (انکوائری) شروع کر دی ہے۔ لاش کو میڈیکو لیگل کارروائیوں، جن میں ریڈیولوجیکل معائنہ بھی شامل ہے، کے لیے بھیج دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہے۔