عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی موجودہ عوامی نمائندہ سرکار لوگوں کو ہر سطح پر راحت رسانی کیساتھ ساتھ لازمی اور ضروری خدمات دستیاب رکھنے کے کام میں مصروفِ عمل ہے اور موسم کی قہرسامانیوں سے پیدا شد ہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام سرکاری مشینری کو بروئے کار لایا جارہاہے۔ لوگوں کے مسائل و مشکلات کا حل کرنا حکومت کا اولین فرض ہوتا ہے کیونکہ لوگوں کو غیر جمہوری نظام کے برعکس عوامی حکومت سے اُمیدیں وابستہ ہوتیں ہیں۔
انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ جن لوگوں کو بارشوں، زمین کھسکنے، سیلابی ریلوں اور بادل پھٹنے سے نقصان پہنچا ہے، اُن کی بازآبادکاری اور امدادکاری کیلئے فوری طو رپر اقدامات کئے جائیں اور ساتھ ہی اُن علاقوں کے سڑک رابطے بحال کئے جائیں، جہاں کے راستے زمین کھسکنے اور پسیاں گر آنے سے بند ہوگئے ہیں۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے عوام کو رحت پہنچانے اور عوام کی آواز ہر سطح پر بلند کرنے کا وعدہ کیا ہے اور ہماری جماعت ہر سطح پر یہاں کے عوام کے احساسات اور جذبات کی ترجمانی کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہاکہ 2018کے بعد یہاں جاری غیر جمہوری نظام میں صرف اور صرف عوام مخالف فیصلے اور اقدامات کئے گئے اور غیر مقامی افسرشاہی کو یہاں مسلط کیا گیا، جنہوں نے یہاں عیش و عشرت کے سوا کچھ نہیںکیا اور اس دوران کورپشن اور بدنظمی کے تمام ریکارڈ مات کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کی عوامی نمائندہ سرکار گذشتہ برسوں کے دوران غیر جمہوری نظام میں کئے گئے عوام مخالفت فیصلوں اور اقدامات کی اصلاح کرنے میں لگی ہوئی ہے ۔اُن کا کہنا تھا کہ عوامی حکومت کو بھر تعاون اور اشتراک کی ضرورت ہے ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جموںوکشمیر کا ریاستی درجہ رواں پارلیمنٹ سیشن کے دوران ہی بحال کیا جائے گا تاکہ یہاں کی عوامی حکومت کو بلاروک ٹوک اور مزید مؤثر طریقے سے کام کرنے کا موقعہ فراہم ہوسکے۔