سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جمعرات کو بھی تلاش اور بچاؤ کارروائیاں جاری رہیں۔ اس دوران فلیش فلڈ میں بہہ جانے والی ایک خاتون کی لاش برآمد کر لی گئی۔حکام کے مطابق، سرنکوٹ کے گاؤں مُرّہ کی رہائشی 25سالہ خالدہ کوثر، زوجہ یاسر اقبال، کی لاش جمعرات کی شام برآمد ہوئی۔ وہ حالیہ تباہ کن فلیش فلڈ کے دوران بہہ جانے والے افراد میں شامل تھیں۔خالدہ کوثر کی لاش ملنے کے باوجود ضلع پونچھ میں اب بھی سات افراد لاپتہ ہیں، جن میں مُرّہ گاؤں کے ایک ہی خاندان کے چار افراد اور سرنکوٹ کے سنگلہ علاقے کے تین افراد شامل ہیں۔ریاستی ڈیزاسٹر ریسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف)، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی ٹیمیں لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے بھرپور امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ادھر ہمسایہ ضلع راجوری میں بھی محکمہ جل شکتی کے ایک ملازم کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے، جو سیلابی ریلے میں بہہ گیا تھا۔تاہم حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل کوششوں کے باوجود اب تک لاپتا ملازم کے بارے میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہو سکی ہے۔دریں اثنا، کئی روز تک مسلسل بارش کے بعد موسم میں بہتری آنے سے راجوری اور پونچھ کے سرحدی اضلاع میں بجلی، سڑکوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی کا کام نمایاں رفتار سے جاری ہے۔