فیاض بخاری
بارہمولہ//ضلع بارہمولہ کے سرحدی قصبہ اوڑی کے مایاں بجہامہ علاقے میں جمعرات کو بادل پھٹنے کے بعد آنے والے شدید سیلابی ریلوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، جس سے بنیادی ڈھانچہ متاثر ہوا، رابطہ سڑکیں متاثر ہوئیں جبکہ کئی دیہات میں بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی درہم برہم ہو گئی۔اطلاعات کے مطابق شدید بارش کے بعد مایاں کی بالائی پہاڑیوں سے آنے والے اچانک سیلابی ریلوں نے چار پل (کلورٹس)بہا دیے، جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں کا رابطہ متاثر ہوا۔ انتظامیہ نے فوری طور پر بحالی کا کام شروع کر دیا ہے، تاہم راستوں کی خرابی کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔سیلابی ریلوں سے پانی کی ترسیلی لائنوں اور بجلی کے نظام کو بھی نقصان پہنچا، جس کے باعث مایاں اور اس سے ملحقہ کئی دیہات کے مکینوں کو پینے کے پانی کی قلت اور بجلی کی بندش کا سامنا ہے۔
تحصیلدار بونیار محمد نجب اللہ شاہ نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بتایا کہ انتظامیہ، محکمہ جل شکتی، محکمہ بجلی اور دیگر متعلقہ ادارے مشترکہ طور پر بحالی کے کام میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ مقامات پر جنگی بنیادوں پر مرمت جاری ہے اور اگر موسم سازگار رہا تو جمعہ تک بجلی اور پانی کی سپلائی بحال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ادھر جل شکتی محکمہ اوڑی نے ایک عوامی مشاورتی نوٹس جاری کرتے ہوئے بتایا کہ بادل پھٹنے کے باعث ’نیلہ ناگ واٹر سورس‘کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ خام پانی کی ترسیلی پائپ لائنیں ٹوٹنے سے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔محکمہ کے مطابق مایاں، کٹھل، مقام پیران، براری پورہ، بیجہامہ، نیلوسہ، نورخواہ، گنگل، لاچی پورہ اے، لاچی پورہ بی اور چندن واڑی سمیت 12 دیہات میں پینے کے پانی کی سپلائی مرمتی کام مکمل ہونے تک متاثر رہے گی۔جل شکتی محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ پانی کا محتاط استعمال کریں، پینے سے قبل پانی کو لازما ابالیں اور بحالی کے کام میں مصروف عملے کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ضروری خدمات جلد بحال کی جا سکیں۔انتظامیہ نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ تمام متعلقہ محکمے متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کام میں مصروف ہیں اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔دریں اثنا، بارہمولہ پولیس نے سول انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطے میں کارروائی کرتے ہوئے بجہامہ کے لاچی پورہ مایاں علاقے میں بادل پھٹنے کے بعد اپنے گھر میں پھنس جانے والی ایک خاتون کو بحفاظت ریسکیو کر لیا۔