عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/اننت ناگ کے لال چوک علاقے میں دہشت گردانہ حملے میں ایک پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد پورے کشمیر میں سیکورٹی ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ وادی بھر میں سیکورٹی فورسز کو چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے اور نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے۔ حساس مقامات پر ناکوں کی تعداد بڑھا دی گئی ہے جبکہ مختلف علاقوں میں تلاشی اور سرچ آپریشنز بھی شروع کیے گئے ہیں۔دریں اثنا، سری نگر سی آر پی ایف سیکٹر نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اننت ناگ میں حملے کے بعد کشمیر بھر میں ہائی الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔
پوسٹ میں کہا گیا کہ سیکورٹی فورسز نے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا ہے، چیک پوائنٹس کو مضبوط کیا گیا ہے اور امن و قانون کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے سرچ آپریشنز تیز کر دیے گئے ہیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ چوکس رہیں اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔
ادھر، جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا آج سری نگر کے لوک بھون میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کریں گے، جس میں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور امرناتھ یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ بدھ کی دوپہر اننت ناگ کے لال چوک علاقے میں دہشت گردوں نے ہیڈ کانسٹیبل عاشق حسین کو قریب سے گولی مار کر شہید کر دیا تھا۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی اداروں نے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
اننت ناگ حملے میں پولیس اہلکار کی ہلاکت کے بعد وادی کشمیر میں ہائی الرٹ