ادھم پور اور قاضی گنڈ سے ٹریفک کو آگے بڑھنے کی اجازت نہ تھی
محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کے علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بدھ کو دوسرے روز بھی جاری رہا جس کی وجہ سے جموں ۔ سرینگر قومی شاہراہ کے متعدد مقامات پر پسیوں اور پتھروں کے گر آنے کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کو معطل کر دیا گیا ہے اور قاضی گنڈ اور ادھم پور سے کسی بھی قسم کے ٹریفک کو جموں اور کشمیر کی طرف جانے کی اجازت نہیں تھی ۔ٹریفک پولیس کے مطابق شدید بارش کے باعث ادھم پور، رام بن اور بانہال کے سیکٹر کے کئی حساس مقامات پر شاہراہ ملبے اور پتھروں کی زد میں آ گئی ہے اور صبح کے اوقات میں دوسری سڑک کے ذریعے ٹریفک کو نکالاگیا تاہم خراب موسم اور وقفے وقفے سے کئی مقامات پر پتھروں کے گرآنے کے واقعات کے باعث بدھ کی دوپہر سے قبل شاہراہ کو ٹریفک کیلئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے جھجھر کوٹلی، ادھم پور، دھار روڈ، قاضی گنڈ اور دیگر محفوظ مقامات پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں اور ٹریفک پولیس نے مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر کسی بھی گاڑی کو ادھم پور سے کشمیر اور قاضی گنڈ سے جموں روانہ ہونے کی اجازت نہیں دی۔سینئرسپرنٹنڈنٹ آف پولیس نیشنل ہائے وے راجہ عادل حمید نے رام بن اور ادہم پور میں شاہراہ کے متاثرہ مقامات کا معائنہ کرنے کے بعد کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک پولیس، این ایچ اے آئی، ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادارے مشترکہ طور پر بحالی کے کام میں مصروف ہیں اور موسم بہتر ہوتے ہی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کے ادہم پور اور بانہال کے سیکٹر میں مسلسل بارشیں ہو رہی ہیں اور تمام گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر روک دیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور صرف سرکاری ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔دریں اثنا، بالتل روٹ سے درشن کے بعد واپس آنے والے امرناتھ یاتریوں کا ایک اور قافلہ رام بن کے چندرکوٹ یاتری نواس میں ناشتے کے بعد جموں کی طرف روانہ کیا گیا اور یہ قافلہ دوپہر بعد جموں پہنچ گیا تھا۔