متعدد شکایات کے باوجود بہتری نہ آنے پر جیو کے بائیکاٹ کی دھمکی
اشتیاق ملک
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ میں پانچ روزہ معطلی کے بعد اگرچہ موبائل انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے، تاہم جیو (Jio) نیٹ ورک کی ناقص کارکردگی نے صارفین کی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھا دی ہیں۔صارفین کا کہنا ہے کہ ضلع کے مختلف علاقوں، بالخصوص گندوہ، بھلیسہ، ٹھاٹھری، کاہرہ اور بھدرواہ کے مضافاتی علاقوں میں پچھلے کچھ مہینوں سے انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے، جس کے باعث آن لائن تعلیم، سرکاری و نجی دفاتر کے کام، بینکنگ خدمات، کاروباری سرگرمیوں اور روزمرہ کے دیگر امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔متاثرہ صارفین نے الزام عائد کیا کہ جیو کمپنی صارفین سے مکمل ریچارج وصول کرنے کے باوجود معیاری خدمات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی رفتار نہ ہونے کے برابر ہے، جس کی وجہ سے عام صارفین کے ساتھ ساتھ طلبہ، صحافی، تاجر اور سرکاری ملازمین بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ صارفین کے مطابق اس حوالے سے متعدد مرتبہ جیو کے کسٹمر کیئر اور سروس سینٹر میں شکایات درج کرائی گئیں، مگر تاحال صورتحال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کمپنی فوری طور پر ضلع ڈوڈہ میں اپنے نیٹ ورک اور انٹرنیٹ سروس کو بہتر بنائے تاکہ صارفین کو معیاری سہولیات میسر آ سکیں۔متاثرین نے خبردار کیا کہ اگر جلد از جلد نیٹ ورک کی کارکردگی بہتر نہ بنائی گئی تو وہ اجتماعی طور پر جیو سروس کا بائیکاٹ کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ مواصلاتی کمپنی پر عائد ہوگی۔
<><><><><><><><><><><><><><><><><><><><><><><><>