زاہدبشیر
گول// مسلسل اور شدید بارشوں کے نتیجے میں تحصیل گول کے مویلہ ملک پورہ علاقے میں ایک بار پھر زمین کھسکنے کا سلسلہ شروع ہوگیا، جس سے علاقے کے رہائشیوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ خطرناک صورتحال کے پیش نظر متعدد خاندان اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہوگئے اور محفوظ مقام کی تلاش میں ڈگری کالج گول میں پناہ لی۔اطلاع ملتے ہی تحصیلدار گول ہرجیت سنگھ کی صدرات میں نائب تحصیلدار گول ودیگر متعلقہ حکام نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، صورتحال کا جائزہ لیا اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن امداد اور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ احتیاط برتیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گزشتہ سال بھی اسی مقام پر بڑے پیمانے پر زمین کھسکی تھی، جس کے نتیجے میں تقریباً 16 مکانات کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ اس وقت متاثرہ خاندانوں نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا اور بے گھر ہوگئے تھے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کی تباہی کے بعد وہ مجبوری کے عالم میں دوبارہ اسی جگہ رہائش اختیار کرنے پر مجبور ہوئے، کیونکہ ان کے پاس کوئی متبادل انتظام موجود نہیں تھا۔ متاثرین کے مطابق حکومت نے انہیں پانچ مرلہ اراضی فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا تاکہ وہ محفوظ مقام پر اپنے مکانات تعمیر کرسکیں، تاہم آج تک اس وعدے پر عمل درآمد نہیں ہوا۔متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے ساتھ کیے گئے وعدے کو فوری طور پر پورا کیا جائے، انہیں مستقل اور محفوظ رہائش فراہم کی جائے اور بار بار پیش آنے والی اس قدرتی آفت سے بچانے کے لیے مؤثر حفاظتی اقدامات کیے جائیں۔