یو این آئی
نئی دہلی//ملک کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ماروتی سوزوکی انڈیا نے بڑھتی ہوئی لاگت کا حوالہ دیتے ہوئے اگست سے اپنی گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔کمپنی نے منگل کو اسٹاک ایکسچینج کو اطلاع دیتے ہوئے کہا’’پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے کے پیش نظر کمپنی نے اپنے تمام ماڈلز کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ 30 ہزار روپے تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی قیمتیں اگست سے نافذ العمل ہوں گی‘‘۔
ماروتی سوزوکی نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران کمپنی نے لاگت کم کرنے کے مختلف اقدامات کے ذریعے مہنگائی کے اثرات کو محدود رکھنے کی کوشش کی، تاہم اب افراطِ زر کا دبائو کافی بڑھ گیا ہے۔ اس کے علاوہ پیداواری لاگت کے حوالے سے بھی حالات سازگار نہیں رہے، جس کے باعث کمپنی بڑھتی ہوئی لاگت کا ایک حصہ صارفین پر منتقل کرنے پر مجبور ہوئی ہے۔کمپنی نے یہ بھی کہا کہ قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کرتے وقت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی گئی ہے کہ صارفین پر کم سے کم مالی بوجھ پڑے۔ قیمتوں میں اضافہ ہر ماڈل کے لحاظ سے مختلف ہوگا، جب کہ زیادہ سے زیادہ اضافہ 30ہزار روپے تک رکھا گیا ہے۔