محمد تسکین
بانہال // امرناتھ یاترا کے سلسلے میں جمعہ کی علی الصبح 16واں قافلہ سخت اور کثیر سطحی حفاظتی انتظامات کے درمیان جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس سے روانہ ہوکر دوپہر بعد وادی کشمیر میں پہنچ گیا جہاں سے وہ پہلگام اور بالتل کے راستے مقدس امرناتھ گھپا کی طرف روانہ ہونگے۔ حکام کے مطابق قافلے میں شامل 4,640یاتری 171گاڑیوں کے ذریعے بالتل اور پہلگام کے بیس کیمپوں کے لیے روانہ ہوئے۔جوائنٹ پولیس کنٹرول روم کے مطابق 1,626یاتری 66گاڑیوں میں بالتل روٹ جبکہ 3,014یاتری 105گاڑیوں کے ذریعے روایتی پہلگام راستے کی جانب روانہ ہوئے۔ بالتل جانے والا قافلہ صبح 2بج کر 42منٹ پر جبکہ پہلگام کا قافلہ 3بج کر 11منٹ پر روانہ کیا گیا۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس قافلے میں 3,448مرد، 1,075خواتین، پانچ بچے، 89سادھو اور 23 سادھویاں شامل تھیں۔ اس بیچ میں کوئی غیر ملکی یا خواجہ سرا یاتری شامل نہیں تھا۔قافلے میں مجموعی طور پر 104بسیں، 25میڈیم موٹر گاڑیاں،39ہلکی موٹر گاڑیاں اور تین دو پہیہ گاڑیاں شامل تھیں۔حکام کے مطابق 16ویں قافلے کی روانگی کے ساتھ ہی اس سال یاترا کے آغاز سے اب تک بھگوتی نگر جموں سے مقدس امرناتھ گھپا کے لیے روانہ ہونے والے یاتریوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 1,09,128 ہو گئی ہے۔