عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کوئیک کامرس پلیٹ فارم انسٹا مارٹ نے ہندوستان پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے بھارت میں پہلی مرتبہ آن ڈیمانڈ ایل پی جی سلنڈر کی فوری ہوم ڈیلیوری سروس شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس نئی سہولت کے ذریعے صارفین اب گھریلو استعمال کے لیے ایل پی جی سلنڈر بھی اسی طرح چند منٹوں میں منگوا سکیں گے جیسے وہ روزمرہ اشیائے ضرورت یا گروسری کا آرڈر دیتے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں یہ سروس بنگلورو میں شروع کی گئی ہے، جہاں صارفین انسٹا مارٹ ایپ کے ذریعے ایچ پی سی ایل کا نیا ’’ایچ پی نویا”‘‘ کلوگرام کمپوزٹ ایل پی جی سلنڈر اور 5 کلوگرام دھاتی سلنڈر آرڈر کر سکیں گے۔ کمپنی کے مطابق آئندہ مرحلوں میں اس سروس کو دیگر شہروں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارف کے پاس پہلے سے گھریلو ایل پی جی کنکشن ہونا ضروری نہیں ہوگا۔ پہلی مرتبہ آرڈر کرنے والے صارفین کے لیے اسے نئے سلنڈر کی خریداری تصور کیا جائے گا، جس کے دوران شناخت کی تصدیق اور دیگر حفاظتی ضابطے مکمل کیے جائیں گے، جبکہ بعد کے آرڈرز کو ری فل کے طور پر انجام دیا جائے گا اور خالی سلنڈر وصول کر لیا جائے گا۔ ایچ پی سی ایل کا نیا’’ایچ پی نویا‘‘کمپوزٹ سلنڈر روایتی اسٹیل سلنڈروں کے مقابلے میں ہلکا، زنگ سے محفوظ اور زیادہ پائیدار ہے۔ اس کی شفاف باڈی کی بدولت صارف آسانی سے یہ بھی دیکھ سکتے ہیں کہ سلنڈر میں کتنی گیس باقی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ سلنڈر چھوٹے گھروں، اپارٹمنٹس، طلبہ اور ملازمت پیشہ افراد کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ انسٹا مارٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر امیتیش جھا نے کہا کہ کمپنی صرف گروسری کی فوری فراہمی تک محدود نہیں رہنا چاہتی بلکہ ضروری گھریلو خدمات کو بھی تیز اور آسان انداز میں صارفین تک پہنچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق ایچ پی سی ایل کے ساتھ یہ اشتراک صارفین کو محفوظ، تیز رفتار اور سہل ایل پی جی سروس فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔