عظمیٰ ویب ڈیسک
واشنگٹن/امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو نئی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدہ نہ کیا تو اگلے ہفتے ایران کے بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنائیں گے۔امریکی ٹی وی فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے متنبہ کیا کہ اگر تہران دوبارہ مذاکرات کی میز پر نہ آیا تو امریکہ آئندہ ہفتے ایران میں پلوں اور پاور پلانٹس کو نشانہ بنائے گا۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ نے ایران میں پلوں اور بجلی گھروں پر حملے کی دھمکی دی ہو، وہ ماضی میں بھی مذاکراتی دباؤ بڑھانے کے لیے سخت اور جارحانہ بیانات دیتے رہے ہیں، جن پر ہمیشہ عمل نہیں کیا گیا۔ ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اگر ایران نے معاہدہ نہ کیا تو وہاں ’’کوئی بھی باقی نہیں بچے گا۔‘‘
امریکی صدر نے کہا ایران پر تب تک حملے جاری رہیں گے جب تک میں نہ کہہ دوں کہ بس بہت ہو گیا، توانائی کے مراکز کو نشانہ بنانے کا مرحلہ سب سے آخر کے لیے اٹھا کر رکھیں گے، ہم ایران کے تمام پاور پلانٹس اور پلوں کو تباہ کر دیں گے، اور ایران کو اس حال میں پہنچا دیں گے کہ وہ مذاکرات کی میز پر آنے کے لیے آمادہ ہو جائے گا۔
انھوں نے بتایا کہ امریکہ نے امریکی نمائندوں نے منگل کے روز ایران کے ساتھ بات چیت کی ہے اور ایران پر معاہدہ کرنے پر زور دیا ہے، ہم ایران کو بری طرح نشانہ بنا رہے ہیں، اس میں ابھی کچھ جنگ لڑنے کی صلاحیت باقی ہے، لیکن یہ بہت زیادہ نہیں ہے۔
اگلے ہفتے ایران کے بجلی گھروں اور پلوں کو نشانہ بنائیں گے:ٹرمپ