عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر/جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے 13 جولائی کے شہداء کی یاد میں مزارِ شہداء جانے سے سیاسی رہنماؤں کو روکنے پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ 1931 کی تحریک مذہبی نہیں بلکہ ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ایک تاریخی جدوجہد تھی، اور 13 جولائی کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا سلسلہ ہمیشہ جاری رہے گا۔
نیشنل کانفرنس کے ہیڈکوارٹر نوائے صبح میں 13 جولائی کے شہداء کو گلپوشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ مزارِ شہداء کو سیل کرنے اور لوگوں کو وہاں جانے سے روکنے کا فیصلہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے یہ فیصلہ کیا، انہیں پہلے جموں و کشمیر کی تاریخ کا مطالعہ کرنا چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا، جن لوگوں نے ظلم کے خلاف آواز بلند کی اور جموں و کشمیر کے وقار کے لیے قربانیاں دیں، آج انہیں خراجِ عقیدت پیش کرنے سے روکا جا رہا ہے، جو انتہائی بدقسمتی کی بات ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 13 جولائی 1931 کے واقعات کو مذہبی رنگ دینا تاریخ کے ساتھ ناانصافی ہے۔ ان کے مطابق، یہ کوئی مذہبی لڑائی نہیں تھی بلکہ ظلم، جبر، جمہوریت کی بحالی اور برطانوی بالادستی کے خلاف ایک تحریک تھی، مگر آج اسے ایک مختلف انداز میں پیش کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا کہ انتظامیہ نے بلاوجہ سخت پابندیاں عائد کیں، حالانکہ مزارِ شہداء جانے والوں کی تعداد بہت محدود تھی۔
انہوں نے کہا،میرا خیال ہے کہ 150 سے زیادہ لوگ وہاں نہیں جاتے، لیکن انہیں اس طرح روکا گیا جیسے کوئی بڑا خطرہ ہو۔ اس سے یہ دعویٰ خود ہی غلط ثابت ہو جاتا ہے کہ یہاں سب کچھ معمول کے مطابق ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ آج جن لوگوں نے انہیں مزارِ شہداء جانے سے روکا ہے، وہ یہاں ہمیشہ نہیں رہیں گے۔
انہوں نے کہا، آج ہمیں مزارِ شہداء جانے سے روک دیا گیا، لیکن یہ لوگ عارضی ہیں۔ جموں و کشمیر کے لوگ ہمیشہ یہاں رہیں گے۔ اگر آج نہیں تو کل یا پرسوں ہم ضرور مزارِ شہداء جائیں گے اور اپنے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کریں گے۔
عمر عبداللہ نے موجودہ حالات پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ماضی میں امرناتھ یاترا کے دوران بھی اس نوعیت کی پابندیاں کبھی عائد نہیں کی گئیں۔
انہوں نے کہا، ہمیں بار بار بتایا جاتا ہے کہ حالات مکمل طور پر معمول پر ہیں، لیکن زمینی حقیقت اس کے برعکس ہے۔ پہلے یاترا کے دوران ایسی پابندیاں کبھی نہیں لگائی گئیں، مگر آج یہ سب کچھ کیا جا رہا ہے۔
13جولائی کے شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں ہوں گی، مزارِ شہداء ضرور جائیں گے: عمر عبداللہ