اشرف چراغ
کپوارہ //حدمتارکہ پر واقع کیرن علاقہ کے سر سبز پہا ڑوں کی چراہ گاہوں میں مویشی پر اسرار بیماری کی لپیٹ میں آگئے ہیں جس کی وجہ سے اب تک متعدد مویشی ہلاک ہو گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق کیرن میں ڈوکو اور چراگاہوں میں مال مویشیوں میںپھیلنے والی بیماری سے بکر وال طبقہ سخت پریشان ہے۔کیرن کے سابق سر پنج عبد الحمید لون نے کشمیر عظمیٰ کو فون کر کے بتایا کہ گرمیوں کے ساتھ ہی کیرن کے مختلف علاقوں کے لوگ اپنے مال مویشی کو لیکر بہکو ں میں چلے جاتے ہیں تاکہ ان کے مویشی یہاں کی چراگاہو ں میں گھاس کھا سکے ،لیکن گزشتہ 6روز سے کیرن کی چٹیال دونگا بہک میں مویشی پر اسرار بیماری کی زد میں آگئے ہیں اور اب تک متعدد مویشی ہلاک ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے لوگو ں میں تشویش پھیل گئی ہے۔کیرن کے لوگ مختلف بہکو ں جن میں چٹیال دو نگا ،ریوڑی بہک ،رویم اولی بہک ،بلی والی ،کلوں بہک شامل ہیں ،میں اپنے مویشیوں کوچرانے لیجاتے ہیں،تاہم چٹیال دو نگا بہک میں اب تک پر سرار بیماری کی وجہ سے 10مویشی ہلاک ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ ان مویشیو ں میں پہلے سوجن پیدا ہوتی ہے اور پھر یہ تڑپ تڑپ کر جان دیتے ہیں۔سابق سرپنج کا کہنا ہے کہ کیرن اور پاترو ں میں محکمہ انمل ہسبنڈی کے ہسپتال تو ہیں لیکن افراد ی قوت کی کمی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ کا فیلڈ عملہ اگرچہ ان مویشیو ں کے علاج کیلئے بہکو ں میں گیا، لیکن ان کو بیماری سے متعلق مکمل جانکاری نہیں ہے اور وہ ان مویشیو ں کو اچھا علاج کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ پہلے بہکو ں میں جانے سے قبل محکمہ ان مویشیو ں میں ٹیکہ لگاتے تھے لیکن کئی سالوں سے ایسا نہیں ہوتا ہے۔انہو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ محکمہ انمبل ہسبنڈری کی ایک ماہر ٹیم کو کیرن کی بہکو ں میں روانہ کیا جائے تاکہ بر وقت علاج کر کے ان مویشیو ں کو بچایا جا سکے۔