عظمیٰ نیوز سروس
جموں //قائد حزب اختلاف اور بی جے پی کے سینئررہنما سنیل کمار شرما نے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ عوامی ناراضگی سے بچنے کے لیے خود کو بی جے پی کے خلاف ایک’’جنگجو‘‘ کے طور پر پیش کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں سنیل شرما نے کہا کہ عمر عبداللہ نے 2024کے اسمبلی انتخابات کے دوران عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کیے اور اب ان ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے بی جے پی پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے اس دعوے میں کوئی صداقت ہے کہ بی جے پی نے ان کی جماعت کے ایک رکن اسمبلی کو پارٹی تبدیل کرنے کے لیے 20 سے 30 کروڑ روپے کی پیشکش کی تھی تو وہ اس کا ثبوت عوام کے سامنے پیش کریں۔سنیل شرما نے کہا’’اگر عمر عبداللہ اپنے الزام کا معمولی سا بھی ثبوت پیش کر دیں تو میں عوامی طور پر ان سے معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں، لیکن اگر وہ ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے تو بی جے پی ان کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی‘‘۔”انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کے یہ الزامات دراصل 2024کے انتخابات میں کیے گئے وعدوں سے انحراف اور عوامی غصے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔بی جے پی رہنما نے الزام لگایا کہ عمر عبداللہ اب اپنی سیاسی ساکھ بچانے کے لیے خود کو بی جے پی مخالف رہنما کے طور پر پیش کرنا چاہتے ہیں کیونکہ انہیں اپنی سیاسی مستقبل کے حوالے سے خدشات لاحق ہیں۔سنیل شرما نے کہا کہ “عمر عبداللہ کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ انہیں جموں و کشمیر کے سب سے نااہل وزرائے اعلیٰ میں شمار کیا جائے گا۔ عوام جانتے ہیں کہ انہوں نے دو سال میراتھن ٹریکس اور گلمرگ کی سکی ڈھلوانوں کے درمیان گزار دیے‘‘۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی آئینی اقدار، جمہوری اصولوں اور صاف ستھری سیاست پر یقین رکھتی ہے اور بے بنیاد الزامات کے خلاف ہر سطح پر اپنی ساکھ کا دفاع کرے گی۔اس دوران ایک نیوز پورٹل کے ساتھ بات چیت میںسنیل شرما نے کہا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے اندر سے ٹوٹ چکی ہے اورپارٹی کے ممبران اسمبلی مفت میں این سی چھوڑنے کو تیار ہیں، لیکن ہمیں کسی کو لینے میں دلچسپی نہیں ہے ۔انہوں نے کہا ہے کہ یہ پارٹی اندر اندر سے ٹوٹ گئی ہے کیونکہ نئی نسل اب اس خاندان کو نہیں چاہتی۔انکاکہناتھا’’ریاست درجہ بحالی ایک عمل ہے۔ فوج، انٹیلی جنس ایجنسیاں اور تمام آئینی ادارے سٹیک ہولڈرز ہیں۔ یہ راتوں رات نہیں آتا۔ یہ ہمارا عزم ہے، اور اسے مناسب وقت پر بحال کیا جائیگا‘‘۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا’’ بی جے پی نے انہیں کبھی نہیں کہا آپ دلی مت جا و۔جائیں آپ کو کس نے روکا ہے‘‘ ۔