عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //جنوبی ضلع اننت ناگ کے چندن واڑی علاقے میں گرتے پتھروں کی زد میں آکرامرناتھ یاتریوں کی خدمت پر مامور مرکبان جاں بحق ہو گیا ۔حکام کے مطابق شبیر احمد شاہ نامی مرکبان ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب چندن واڑی کے عیدگاہ علاقے میں اپنے خیمے میں سو رہے تھے کہ اسی دوران ایک بڑی چٹان ان پر آ گری ، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئےجس کے بعد موقع پر موجود افراد اور متعلقہ عملے نے فوری طور پر اسے علاج کیلئے بیس ہسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔مزدور کی شناخت شبیر احمد شاہ ولد محمد یاسین شاہ ساکنہ چیروارڈ، مٹن، اننت ناگ کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ امرناتھ یاترا کے دوران یاتریوں کی سہولت اور سامان کی نقل و حمل کے لئے بطور مزدور خدمات انجام دے رہا تھا۔ذرائع نے بتایا کہ قانونی اور طبی کارروائی مکمل کرنے کے لیے نعش کو بعد ازاں پہلگام ہسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری قانونی کارروائی شروع کر دی ہے، جبکہ حادثے کے بعد چندن واڑی علاقے میں کام کرنے والے مزدوروں اور مقامی لوگوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔