عظمیٰ ویب ڈیسک
پلوامہ/ اقتصادی جرائم ونگ (EOW) کشمیر کرائم برانچ اور اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس (ANTF) کشمیر نے منشیات کے خلاف جاری مہم کے تحت پلوامہ کے آئی جی سی لاسی پورہ میں قائم انسی نیریٹر (Incinerator) پر عدالت کے احکامات کی تعمیل میں ضبط شدہ منشیات اور نفسیاتی ادویات کو تلف کر دیا۔
جاری ایک بیان میں ترجمان نے بتایا کہ اقتصادی جرائم ونگ (EOW) کشمیر کرائم برانچ جموں و کشمیر نے اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس (ANTF) کشمیر کے اشتراک سے آج آئی جی سی لاسی پورہ، پلوامہ میں واقع انسی نیریٹر سہولت پر ضبط شدہ منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء کو قانونی تقاضوں کے مطابق تلف کیا۔
بیان کے مطابق تلف کی گئی منشیات میں چرس، گانجا اور مختلف نفسیاتی گولیاں شامل تھیں، جنہیں اے این ٹی ایف کشمیر نے منشیات کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط کیا تھا۔ ان منشیات کو ڈرگ ڈسپوزل کمیٹی کی نگرانی میں سائنسی اور ماحول دوست طریقۂ کار کے تحت جلایا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ منشیات تلف کرنے کی کارروائی کی صدارت ایس ایس پی اقتصادی جرائم ونگ کشمیر اور چیئرمین ڈرگ ڈسپوزل کمیٹی عبد الواحد شاہ نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اے این ٹی ایف کبریٰ نذیر، سینئر پراسیکیوشن آفیسر ای او ڈبلیو عبدالباری سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے، جنہوں نے اس بات کو یقینی بنایا کہ کارروائی عدالت کے احکامات اور مقررہ قانونی ضابطوں کے مطابق انجام دی جائے۔
بیان میں کہا گیا کہ یہ اقدام حکومت کی نشہ مکت بھارت ابھیان کے عزم کو مزید مضبوط بناتا ہے، جس کا مقصد منشیات کے استعمال کی روک تھام اور منشیات کے غیر قانونی نیٹ ورک کا خاتمہ ہے۔ ضبط شدہ منشیات کو بروقت اور قانونی طریقے سے تلف کرنا اسی مہم کا اہم حصہ ہے۔
پلوامہ کے لاسی پورہ میں ضبط شدہ منشیات تلف، ای او ڈبلیو اور اے این ٹی ایف کی مشترکہ کارروائی