یواین آئی
بیجنگ// چین میں سمندری طوفان، سیلاب اور بگولوں سے تباہی مچ گئی ہے، جس کی وجہ سے مختلف حادثات میں 20 افراد ہلاک اور 270 سے زائد لاپتہ ہو گئے ہیں۔چین کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں مسلسل طوفانی بارشوں سے روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، صوبہ ہوبائے میں 260 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آنے والے خوف ناک بگولے نے ایک شخص کو بارہویں منزل کے اپارٹمنٹ سے ہی باہر کھینچ کر زمین پر پٹخا، جس سے وہ مر گیا۔طوفانی بگولوں نے دیکھتے ہی دیکھتے ہر منظر بدل دیا، طوفانی بگولے راستے میں آنے والی ہر شے اڑا لے گئے۔ ریسٹورنٹس میں کھانا کھاتے افراد کے سامنے تیز ہواؤں نے میزیں، کرسیاں اور دیگر سامان ادھر اْدھر پھینک دیا، گھروں کے اندر رکھا سامان بھی الٹ پلٹ ہو گیا، سڑکوں پر بھاری ٹرک بھی بے قابو ہو گئے۔ خوف زدہ شہری جان بچانے کے لیے محفوظ مقامات کی جانب بھاگتے دکھائی دیے۔جنوبی علاقے ناننگ میں شدید بارشوں کے بعد ایک بڑے ڈیم کی دیوار ٹوٹ گئی، جس سے کئی علاقے ڈوب گئے، بارشوں کے باعث متعدد شہروں میں دریا بپھر گئے، سڑکیں اور پل زیر آب آ گئے، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے کئی دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔کئی علاقوں میں کشتیاں چل گئیں، صوبے گوانگ شی میں 1 لاکھ 30 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، چینی صدر شی جن پنگ نے تمام متعلقہ اداروں کو ریسکیو اور امدادی کارروائیاں تیز کرنے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرین کی بحالی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔