اشتیاق ملک
ڈوڈہ// ضلع ڈوڈہ کے قصبہ ٹھاٹھری میں حالیہ بادل پھٹنے اور اچانک آنے والے سیلاب سے مچی تباہی کے بعد رکن اسمبلی ڈوڈہ مہراج ملک نے منگل کو متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا. انہوں نے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کرکے ان کے نقصانات کا جائزہ لیا، ان کے مسائل سنے اور ہر ممکن سرکاری امداد و تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران مہراج ملک نے متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ زمینی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت دی کہ سڑکوں، بجلی، پینے کے پانی، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی کا کام ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے تاکہ متاثرہ عوام کو جلد از جلد معمول کی زندگی کی طرف واپس لایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کے دوران حکومت اور انتظامیہ کی اولین ذمہ داری متاثرہ عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنا ہے اور کسی بھی متاثرہ خاندان کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نقصانات کا مکمل تخمینہ لگاکر متاثرین کو سرکاری قواعد کے مطابق معاوضہ دلانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔اس موقع پر مہراج ملک نے اپنے سابقہ سرکاری مکتوب کا بھی حوالہ دیا، جو انہوں نے 5 جون 2026 کو سپرنٹنڈنگ انجینئر، پی ایم جی ایس وائی، ڈوڈہ کو ارسال کیا تھا۔
خط میں انہوں نے واٹر پوائنٹ ٹپری تا ایس ٹی محلہ اور دبرانو تا مہری سڑک منصوبوں کے دوران نکالے جانے والے تعمیراتی ملبے کو ندی نالوں اور سڑکوں کے کنارے پھینکنے پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ مون سون کے دوران یہی ملبہ سیلابی پانی کے ساتھ بہہ کر پانی کی گزرگاہوں کو بند کرنے، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور قدرتی آفات کی شدت میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے۔انہوں نے متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی ملبہ صرف منظور شدہ ڈمپنگ سائٹس پر منتقل کیا جائے اور مستقبل میں ایسے تمام منصوبوں میں ماحولیاتی اصولوں اور حفاظتی ضابطوں کی سختی سے پابندی یقینی بنائی جائے۔
واضح رہے کہ حالیہ بادل پھٹنے کے نتیجے میں ٹھاٹھری قصبہ میں متعدد رہائشی و تجارتی عمارتیں، گاڑیاں اور دیگر املاک متاثر ہوئیں جبکہ بجلی، پانی اور مواصلاتی نظام بھی بری طرح متاثر ہوا، جس کی بحالی کے لیے مختلف سرکاری محکمے امدادی و بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں۔
مہراج ملک کادورۂٹھاٹھری ، سیلاب متاثرین سے ملاقی ،بنیادی سہولیات کی جلد بحالی پر زور