عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی پٹیشنز کمیٹی جس کی صدارت پیرزادہ فاروق احمد شاہ نے کی،نے کل جموں و کشمیر میں ضروری غذائی اشیائے میں ملاوٹ سے متعلق موصول ہونے والی درخواستوں اور ان پر کی گئی کارروائی کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا۔میٹنگ میں اراکین اسمبلی میر محمد فیاض، جاوید ریاض (بیدار) اور ڈاکٹر سجاد شفیع کے علاوہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سیکرٹری منوج کمار پنڈت، کمشنر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈِی اے) خالد جہانگیر، جوائنٹ کمشنر فوڈ سیفٹی (جموں و کشمیر) سنجیو کمار، سٹیٹ ڈرگ کنٹرولر راجیش کمار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنروںسری نگر، بڈگام اور بارہمولہ سمیت متعلقہ محکموں کے دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔کمیٹی کے چیئرمین نے غذائی ملاوٹ جیسے سنگین مسئلے سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لئے مختلف محکموں کے درمیان بہتر ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے لوگوںمیں غذائی تحفظ، معیار اور صارفین کے حقوق سے متعلق بیداری پیدا کرنے کے لئے اِنفارمیشن ، ایجوکیشن اور کمیونی کیشن( آئی اِی سی ) کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت دی۔اْنہوں نے ہدایت دی کہ تمام خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائی کی جائے اور عوام کے تحفظ کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔اْنہوں نے یہ بھی ہدایت دی کہ بغیر مستند طبی نسخے کے اَدویات کی فروخت پر کڑی نظر رکھی جائے اور غیر مجاز فروخت کی روکتھام کے لئے نگرانی اور نفاذ کے طریقہ کار کو مضبوط کیا جائے۔