بحالی کام بشمول ڈوڈہ ،کشتواڑقومی شاہراہ کی کلیئرنس کو تیز کرنے کی ہدایت
عظمیٰ نیوز سروس
جموں //جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ضلع ڈوڈہ کے ٹھاٹھری علاقے میں بادل پھٹنے کے واقعہ کے بعد ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ سے ٹیلی فون پر بات کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے بتایا کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق متعدد رہائشی مکانات اور دکانوں کو نقصان پہنچا ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ اب تک کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ہر ممکن امداد اور راحت فراہم کی جائے، جبکہ بحالی کے کاموں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے خاص طور پر قومی شاہراہ NH-244 سے ملبہ ہٹانے اور شاہراہ کو جلد از جلد ٹریفک کے لیے بحال کرنے کی ہدایت جاری کیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے یقین دلایا کہ انتظامیہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے پوری طرح متحرک ہے اور معمولاتِ زندگی جلد بحال کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔